عمران خان کاعلی امین گنڈاپور پربھرپوراعتماد کااظہار

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور پربھرپوراعتماد کااظہارکردیا۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات کی جس میں پارٹی کے اندرونی اختلافات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
بیرسٹرڈاکٹرسیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی آج عمران خان سے اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی، ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان، سیکیورٹی اور متعلقہ معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے تمام اہم معاملات پر عمران خان کو اعتماد میں لیا اور صوبے میں امن و امان کے حوالے سے کے پی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا، عمران خان کو قیام امن کے لئے قبائلی جرگوں کے انعقاد کے بارے میں بھی بتایا گیا، ملاقات میں افغانستان سے مذاکرات کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو افغانستان کے ساتھ رابطہ کاری اور مذاکرات یقینی بنانے کی ہدایت کی، عمران خان کو صوبے کی معاشی صورتحال اور بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے معیشت کی مضبوطی کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا، جس پر عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا۔
