عمران خان نے 10 محرم کے بعد تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ، علیمہ خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 10 محرم الحرام کے بعد تحریک کے آغاز کی ہدایت دی ہے۔ وہ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ "27ویں آئینی ترمیم کے بجائے بادشاہت نافذ کر دی جائے، کیونکہ موجودہ حالات میں عوام کو غلامی سے نجات دلانا ناگزیر ہے، اور اگر یہی نظام برقرار رہا تو جیل ہی بہتر ہے۔”
انہوں نے عمران خان کی جیل کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان روزانہ 22 گھنٹے سیل میں بند رہتے ہیں اور صرف دو گھنٹے باہر آنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کو جیل میں نہ کتابیں دی جا رہی ہیں، نہ بچوں سے بات کرنے دی جا رہی ہے، اور تمام بنیادی سہولیات چھین لی گئی ہیں۔
کراچی : لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس، 3 افراد جاں بحق
علیمہ خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے جیل میں گزارے گئے وقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ریسٹ ہاؤس میں رکھا گیا تھا جہاں ہر قسم کی سہولیات دستیاب تھیں، ان کے کھانے گھر سے آتے تھے اور سینکڑوں لوگ ان سے ملاقات کے لیے جا سکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق پی ٹی آئی 10 محرم کے بعد سیاسی تحریک کا باضابطہ آغاز کرے گی، اور اس حوالے سے پہلے ہی مکمل منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔