”آئیں مل کر پی ٹی آئی بچائیں“اکبرایس بابرکی عمران خان کو اتحاد کی پیشکش

پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے بانی چیئرمین کو ’پارٹی‘ بچانے کے لیے مل کر چلنے کی اور بات چیت کی پیش کش کردی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت کی طرف سے انٹرا پارٹی کے نام پر ناٹک رچانے کی کوشش کی گئی، ان کو موخر کرنا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ’اگر نئے انٹراپارٹی الیکشن کے نام پر عمل جاری رکھتے تو پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا، ہم اس کوشش میں ہیں پی ٹی آئی کو ایک جمہوری ادارہ بنایا جائے اور ایک ایسا ادارہ جو قانون سے بالاتر نہ ہو‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کو پیشکش کر رہا ہوں، اب ہم نے آگے جانا ہے پارٹی کا شیرازہ بکھر چکا، ایک مصالحتی راستے پرچلنے کی ضرورت ہے، بانی چیئرمین تین نمائندے اور ایک وکیل کو نامزد کریں، ہم تین نمائندے اور ایک وکیل نامزد کریں گے، یہ آپس میں بیٹھ کر ایک فریم ورک بنائیں گے کیونکہ حالات بہت آگے جا چکے اور نقصان بہت ہوچکا، مجھے ورکرز کو دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ وہ اندھی تقلید میں کیسے چلے گئے‘۔

Back to top button