عمران خان”سیاسی “گرفتار نہیں،کارکنوں کوجلاؤ ،گھیراؤ پر اکسایا

نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے سیاسی خیالات کی وجہ سے نہیں بلکہ جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کیوجہ سے جیل میں بند ہیں۔
نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے دوران سی این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو اپنے وقت پر ہوں گے، پاکستان میں عبوری جمہوریت ہے اور عبوری جمہوریتوں کو داخلی چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ہم ایک مثالی جمہوریت میں رہ رہے ہیں تاہم کچھ خدشات موجود ہیں، ہم جتنا ہو سکے گا کوشش کریں گے کہ لوگوں کو اپنی مستقبل کی قیادت کے انتخاب کا موقع فراہم کریں۔
انوار الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے سیاسی خیالات کی وجہ سے جیل میں نہیں بلکہ 9 مئی کے فسادات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے اور اپنے کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کیوجہ سے جیل میں بند ہیں، اس طرح کے رویے سے قانون سے نمٹا جاتا ہے، جیسا کہ امریکا میں کیپیٹل ہل پر حملے میں ملوث افراد کے ساتھ سلوک کیا گیا۔ بے گناہ لوگ نہیں بلکہ جلاؤ گھیراؤ میں ملوث لوگ جیل میں ہیں، تو میں اسے ناانصافی نہیں سمجھتا۔
نگران وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انتخابات میں بین الاقوامی مبصرین ہوں گے، میڈیا اس کی رپورٹنگ کرے گا جس سے پتہ چل جائے گا کہ الیکشن دھاندلی زدہ ہوئے یا شفاف، پاکستان میں میڈیا مغربی ممالک سے زیادہ آزاد ہے، اگر آپ موازنہ کریں تو غالباً مغربی میڈیا پر پاکستانی میڈیا سے
زیادہ پابندیاں ہیں۔
