سال 2024 میں 59ہزارآپریشنز کے دوران 925دہشت گرد ہلاک

 سال 2024میں سکیورٹی فورسزاورقانون نافذ کرنیوالےاداروں کے59ہزارسےزائدآپریشنز میں 925دہشت گردوں کوہلاک کیاگیا۔

سال 2024 میں خوارج اور دہشتگردوں کے لئے ریاست پاکستان کی واضح پالیسی کی بدولت سیکورٹی فورسزاور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رواں سال آپریشنز میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

سال2024 کے دوران مجموعی طور پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف 59,775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے۔

کامیاب آپریشنز کے دوران 925 دہشتگردوں بشمول خوارج کوہلاک کیا گیا جبکہ سینکڑوں گرفتار کئے گئے۔

 دہشتگردی کے ناسور سےنمٹنے کیلئےروزانہ کی بنیاد پر169سے زائد آپریشنز افواجِ پاکستان، انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اَنجام دے رہے ہیں۔

 رواں سال آپریشنز کےدوران73 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ ہلاک دہشتگردوں میں فدا الرحمن عرف لعل،ژوب ڈویژن ، علی رحمان عرف طحٰہ سواتی اور ابو یحییٰ بھی شامل ہیں۔

ریاستی اداروں کی بہترین حکمت عملی کے باعث 14مطلوب دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قومی دھارے میں شامل کیا۔

 سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کے باعث 2خودکش بمباروں کو گرفتار کر کے ملک کو بڑی تباہی سےبچایا گیا۔ آرمی چیف دہشتگردوں ، خوارج اور اُن کے سہولت کاروں کےبارےمیں واضح اور دو ٹوک موقف رکھتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا کہنا ہےکہ پاکستان کو افغانستان کی سر زمین سے آزادانہ دہشتگرد کارروائیوں پر تحفظات ہیں۔ ایک پاکستانی کی جان اور حفاظت ہمارے لیے افغانستان پر مقدم ہے۔

 رواں سال غیر ملکی جریدےنےبھی آرمی چیف کو دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف توانا آواز بننےپرخراجِ تحسین پیش کیا۔

غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف بھی رواں سال بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ریاست پاکستان کا واضح موقف ہے کہ غیر قانونی سر گرمیوں میں ملوث مافیا دہشتگردو ں کی سہولت کار ہے۔

 واضح ریاستی پالیسی کے پیش نظر رواں سال اسمگلنگ ، بجلی چوری، بھتہ خوری، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں غیرقانونی سرگرمیوں میں واضح کمی آئی۔

آرمی چیف کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت رواں سال پاکستان نے اہم سنگِ میل عبور کئے۔ کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔

 پاکستان غزہ ، لبنان اور کشمیر کے مظلوم عوام کے لئے اقوام ِ عالم میں ایک مؤثر آواز بن کر اُبھرا۔ سال 2024ء میں سفارتی سطح پر بھی اہم کامیابی حاصل ہوئی اور پاکستان نے اہم ایس سی او کانفرنس کی میزبانی کی۔

کانفرنس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان اور تاجکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ رواں سال کئی اہم ممالک کے سربراہان نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور متعدد معاہدوں پر دستخط کئے۔

Back to top button