بھارت کا ویمنز ورلڈ کپ میں بھی سیاست کرنے کا فیصلہ

بھارت نے مبینہ طور پر ایشیا کپ کے بعد اب آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کو بھی سیاست کی نذر کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

معروف بھارتی سپورٹس صحافی بوریا مجمدار نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایشیا کپ میں شروع ہونے والا رویہ اب خواتین کے مقابلوں میں بھی دہرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ "ویمنز ورلڈ کپ میں صرف جنس بدلے گی، لیکن رویہ وہی رہے گا۔” بوریا کے مطابق، پاکستان اور بھارت کے درمیان 5 اکتوبر کو ہونے والے میچ میں بھی کھلاڑی ممکنہ طور پر ہاتھ نہیں ملائیں گے — جیسا کہ ایشیا کپ میں دیکھنے کو ملا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بھارت کی جانب سے ویمنز ورلڈ کپ میں بھی سیاسی رویہ اپنانے کا امکان ہے، جو کھیل کی روح کے منافی تصور کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والے ایشیا کپ 2025 کے دوران بھی بھارتی ٹیم نے پاکستان کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا، اور ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود بھارتی کپتان نے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین سے ٹرافی وصول نہیں کی۔

ایسے رویے پر کرکٹ حلقوں میں پہلے ہی تنقید ہو چکی ہے، اور اب ویمنز ورلڈ کپ میں بھی اس طرز عمل کے دہرانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Back to top button