بھارت شدید گرمی کی لپیٹ میں آگیا،16افراد ہلاک

انڈیا کے جنوبی علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے باعث کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا ہے۔
جنوبی بھارتی ریاست تلنگانہ میں ہیٹ سٹروک سے اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ریاستی حکام نے شدید گرمی کے پیش نظر ہنگامی اقدامات اور عوامی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
تلنگانہ کے ریونیو وزیر سری نیواسا ریڈی نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت غیر معمولی حد تک پہنچ چکی ہے، اس لیے پورے صوبے میں الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کے بارے میں پیشگی آگاہ کیا جائے۔
طبی ماہرین کے مطابق شدید گرمی جسم میں پانی کی کمی پیدا کرتی ہے جس سے خون گاڑھا ہوسکتا ہے، جبکہ سنگین صورت میں جسمانی اعضا کام کرنا بند کر سکتے ہیں۔ حکام نے بزرگ افراد، بچوں اور حاملہ خواتین کو دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

Back to top button