پہلگام فالس فلیگ آپریشن کےبعدبھارتی حملےکاامکان ہے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی طرف سے حملے کا امکان ہے، اسی خدشے کے پیش نظر ہم نے سرحد پر اپنی فوجی قوت بڑھادی ہے۔
خواجہ آصف کابرطانوی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال صرف اس صورت میں کرے گا جب ہمارے وجود کو براہ راست خطرہ ہو۔ دونوں ممالک کو جوہری آپشن استعمال کرنے سے باز رہنا چاہیے، پاکستان ہائی الرٹ ہے اور اپنے ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال صرف اس صورت میں کرے گا جب ہمارے وجود کے لیے براہ راست خطرہ موجود ہو۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس صورت حال میں ہمیں کچھ اسٹریٹجک فیصلے کرنا ضروری تھے اور وہ فیصلے کرلیےگئے ہیں، بھارت کی بیان بازی بڑھ رہی ہے، پاکستانی فوج نے حکومت کو بھارتی حملے کے امکان سے آگاہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کانجی ٹی ٹی سے گفتگو میں کہنا تھاپاک بھارت کشیدگی میں 3سے4دن اہم ہیں ہم نے بھی جنگ کیلئے100فیصد تیاریاں کرلیں۔بھارت نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھرپور طاقت سے جواب دیا جائےگا، دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوجیں کھڑی ہیں، چند روز میں جنگ کا خطرہ ضرور موجود ہے لیکن کشیدگی کم بھی ہو سکتی ہے۔میں نے اپنے انٹرویو میں یہ نہیں کہاکہ 3 سے 4 روز میں جنگ چھڑ جائےگی، میری بات کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور طریقے جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تینوں مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیشکش کا بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا، ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر بھارت کا جھوٹ بے نقاب کیا جائے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں، اور جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔دونوں ملکوں نے اپنی افواج سرحدوں پر تعینات کردی ہیں، جبکہ لائن آف کنٹرول پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔
دریں اثناوزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ اور گورنرخیبر پختونخوا کوافغانستان سےآزادانہ ڈیل کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دفاع اور خارجہ امور کا معاملہ آئین میں بہت واضح ہے،قانونی و آئینی طور پر افغانستان سے بات چیت کا معاملہ وفاق کا ہے،وزیراعلیٰ اور گورنر خیبر پختونخوا کو افغانستان سےآزادانہ ڈیل کی اجازت نہیں دیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا اگروہ چاہتے ہیں آزادانہ طور پر افغانستان سےڈیل کریں تو وفاق اجازت نہیں دےگا،ایسے عمل کی نہ کوئی قانون اورنہ آئین اجازت دے گا، کوئی اپنی رائے کو وفاق پر مسلط نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا وزیراعلیٰ اور گورنر کےپی اگر کوئی رائےدینا چاہتے ہیں تواجلاسوں میں آکر اپنی رائے اور موقف ضرور دیں، وفاقی حکومت کو آکر بتائیں کہ ان کے نزدیک اس مسئلے کا کیا حل ہو سکتا ہے۔