انڈین فلم سازوں نے ایک اور پاکستانی فلم چوری کرلی
انڈین فلم انڈسٹری میں پاکستانی گانوں، موسیقی اور کہانیوں کو چوری اور کاپی کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس مرتبہ بالی ووڈ میں خطروں کے کھلاڑی کے نام سے پہچان بنانے والے اکشے کمار کی نئی فلم ’’رکشا بندھن‘‘ کو پاکستانی فلم ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ کا چربہ قرار دے دیا گیا۔ بالی ووڈ سٹار اکشے کمار کی نئی فلم ’رکشا بندھن‘ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز ہوا ہے جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر شائقینِ فلم کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر بالی ووڈ نے پاکستانی مواد چوری کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی فلموں کے لیے پاکستانی گانے اور ان کی دھنیں اکثر چوری کر لی جاتی ہیں۔ مگر اس مرتبہ بالی ووڈ کے ایک فلمساز نے فہد مصطفی اور مہوش حیات کی فلم ’لوڈ ویڈنگ ‘ کو مکمل کاپی کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک میں تخلیقی مواد کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ کبھی گانے، کبھی موسیقی، کبھی میوزک ویڈیو اور کبھی فلم کی کہانی کاپی کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اکشے کمار کی اس فلم کو 11 اگست کو ریلیز کیا جائے گا تاہم اس سے قبل بالی ووڈ نے بجلی کے مسئلہ پر بننے والی نبیل قریشی کی فلم ’’ایکٹر ان لا‘‘ کو بھی کاپی کیا تھا جس کا نام بتی گل میٹر چالو تھا۔ اس میں شاہد کپور اور شردھا کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
وزیراعظم نے چینی کی برآمد پرمکمل پابندی عائد کردی
واضح رہے کہ اس سے قبل معروف بھارتی فلمساز و ہدایتکار کرن جوہر نے اپنی فلم جگ جگ جیو میں ابرارالحق کا مشہور گانا نچ پنجابن نچ کو بغیر اجازت چوری کر لیا تھا جس پر گلوکار ابرار الحق نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے، یہاں تک کہ کرن جوہر کو گانے کا کریڈٹ پاکستانی گلوکار کو دینا پڑا لیکن ابرابر الحق نے اس کے باوجود قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا چھٹا گانا ہے جو بھارتی فلم سازوں نے چوری کیا ہے اور ساتھ ہی کہا کہ وہ اس کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
ابھی گزشتہ دنوں ہی بھارتی گلوکارہ کنیکا کپور نے حدیقہ کیانی کا مشہور گیت بوہے باریاں کی تال اور اس کے کچھ بول چرا کر گانا ریلیز کیا تھا جبکہ اس سے قبل گلوکار شجاع حیدر کے گانے پیرا وے پیرا کو بھی چرا کر بھارتی گلوکار یاسر ڈیسائی نے نیا گانا بنا لیا تھا جبکہ یہ گانا 2017 میں ریلیز ہوا تھا۔
