گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے : گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہےکہ گندم کی بین الصوبائی آزادانہ نقل و حمل کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور خیبرپختونخوا کو اس حوالے سے ریلیف فراہم کیا جائے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر مصنوعی پابندیاں شدید تشویش کا باعث ہیں۔آئین کے تحت پورے ملک میں آزاد اور منصفانہ تجارت کی ضمانت پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان گندم کی آزاد نقل و حرکت کو یقینی بنانا آئینی اور معاشی تقاضا ہے۔
گورنر نے کہاکہ ایسی رکاوٹیں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو فروغ دیتی ہیں۔ وزیر اعظم سے اپیل ہےکہ گندم کی آزادانہ نقل و حرکت کو فوری یقینی بنایاجائے۔
انہوں نے وزیراعظم سے یہ بھی اپیل کی کہ گندم کی ترسیل میں خیبرپختونخوا کو ریلیف دیا جائے۔
