حوثیوں کا مدینہ منورہ پر ڈرون حملہ، فضا میں تباہ کردیا : سعودی اتحاد

سعودی عرب اور حوثی ملیشیا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے،حوثیوں کی جانب سے تین ڈرون حملے کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جب کہ سعودی اتحادی فوج نے مدینہ منورہ سمیت مختلف علاقوں میں ڈرونز مار گرانے کا اعلان کیا ہے۔
کیا واقعی امریکہ ایران پر بڑا فضائی حملہ کرنے والا ہے؟
سعودی اتحادی فوج کےمطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے مدینہ منورہ کے علاقے میں بھیجا گیا ڈرون تباہ کردیا گیا۔تاہم حوثی ملیشیا نے مدینہ منورہ پر ڈرون حملے کی تردید کردی ہے۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایاکہ حوثی ملیشیا کا ایک ڈرون جنوبی علاقے میں تباہ کیاگیا، جب کہ ایک اور ڈرون مشرقی علاقے میں بھی مار گرایا گیا۔
دوسری جانب یمن کی مسلح افواج نے حوثی ملیشیا کےخلاف کارروائیوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کرتےہوئے دعویٰ کیا ہےکہ حوثی ٹھکانوں پر مجموعی طور پر1087 حملے کیے گئے۔
یمنی فوج کےمطابق ان کارروائیوں میں حوثی ملیشیا کے تقریباً336 کمانڈروں اور جنگجوؤں کو ہلاک کیاگیا، جب کہ112 فوجی گاڑیوں اور دیگر عسکری سازوسامان کو تباہ یا ناکارہ بنایا گیا۔
یمن کی مسلح افواج کےفوجی ترجمان نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ کارروائیاں ’فجرِ یمن‘ مہم کا حصہ تھیں،جن میں جنگی طیاروں،ڈرونز، فیلڈ آرٹلری اور راکٹ لانچرز کا استعمال کیا گیا۔
ترجمان کےمطابق حملوں میں حوثی ملیشیا کے اگلے مورچوں پر قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، اجتماع گاہوں، کمک پہنچانے والے دستوں، فائرنگ کی پوزیشنوں، قلعہ بندیوں، رسد اور نقل و حرکت کے راستوں سمیت بھاری ہتھیاروں کی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
