کرم سیکٹر میں سرحدی دراندازی کی کوشش ناکام، 12 شدت پسند ہلاک، پاک فوج کا جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازوں کی معاونت کیلئے افغان طالبان کی چوکیوں سے فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان جان کی بازی ہار گئے

کرم: پاک افغان سرحد پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے 12 خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرم سیکٹر میں پاک افغان سرحد کے قریب ایک گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلا، جو پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ دراندازوں کی معاونت کیلئے افغان طالبان کی چوکیوں سے بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کی عمر 40 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع غذر سے تھا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ واقعہ پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان سرزمین کو دہشتگرد تنظیموں کے استعمال سے روکنے میں ناکامی سامنے آئی ہے۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ افغان طالبان رجیم سرحد پار دہشتگردی روکنے کے بجائے اس کی معاونت اور سرپرستی کر رہی ہے اور بین الاقوامی انسدادِ دہشتگردی کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم جاری رہے گی اور بیرونی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بھی جاری رکھی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Back to top button