امریکا نے ایران کے جزیرہ قشم پر حملہ کردیا: امریکی اخبار

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہاہے کہ امریکا نے ایران کے جزیرہ قشم پر حملہ کیا ہے۔
امریکی اخبار نے لکھاکہ امریکی حکام نے تصدیق کی ہےکہ امریکا نے ایران کے جزیرے قشم پر حملہ کیا ہے،یہ حالیہ ہفتوں کے دوران ایران کےخلاف واشنگٹن کی جانب سے غیراعلانیہ طور پر کیےجانے والے محدود حملوں کے سلسلے کی تازہ کارروائی ہے۔
اخبار کے مطابق امریکی عہدیداروں نے کارروائی کو دفاعی نوعیت اور امریکی اثاثوں کے تحفظ کا اقدام قراردیا،ایک عہدیدار نے کہاکہ ایران کی جانب سے امریکی طیارے پر فائرنگ کا جواب دیاگیا۔
رپورٹ کےمطابق یہ حملہ ایسےوقت میں کیاگیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ سفارتی معاہدے کا امکان ظاہر کررہے ہیں۔
قبل ازیں پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھاکہ امریکا کئی ماہ سے کوئی لڑائی نہیں کررہا۔
ادھر ایران کی سرکاری خبر ایجنسی کاکہنا ہے کہ قشم میں یکےبعد دیگرے 5 دھماکے سنےگئے۔دھماکوں کی شدت سے قریبی عمارتوں کے در و دیوار لرز اٹھے،مقامی آبادی نے فضائی حدود میں نامعلوم جنگی طیاروں کی پروازوں کا دعویٰ بھی کیاہے۔
ان دھماکوں کےفوری بعد ایرانی پاسداران انقلاب نےکہا تھاکہ انہوں نے جزیرہ قشم کے جنوب میں جدید الیکٹرانک وار فیئر سسٹم کےذریعے امریکا کے 2 ایم کیو ایم ون سیون زیرو جاسوس ڈرونز کو ناکارہ بناکر قبضے میں لےلیا ہے، جب کہ آبنائےہرمز کے مشرقی حصے میں ایک امریکی ایم کیو نائن ریپر ڈرون کو مار گرایا ہے۔

One Comment