ایران نے اسرائیلی جاسوس کو پھانسی دیدی

ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں بہمن چوبی نامی شخص کو سزائے موت دے دی۔ ایرانی عدلیہ کے میڈیا ونگ "میزان” کے مطابق یہ شخص ملک میں سرگرم اسرائیلی جاسوسی نیٹ ورک کا ایک اہم رکن تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ بہمن چوبی نے موساد کو ایرانی سرکاری اداروں کے ڈیٹا بیس، الیکٹرانک آلات کی درآمد کے راستوں، اور قومی ڈیٹا سینٹرز سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کیں۔ اس کا مقصد ایران کے اہم انفراسٹرکچر میں خلل پیدا کرنا تھا۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی اسرائیل کے خلاف جاری سیکیورٹی آپریشنز کا حصہ ہے، جس میں کئی دیگر مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جون 2025 میں شروع ہونے والی ایران-اسرائیل جنگ کے دوران ایران نے اسرائیلی خفیہ نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ جنگ کے اختتام کے بعد ایران نے موساد سے منسلک افراد کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے متعدد افراد کو پھانسی کی سزائیں دی ہیں۔
