اسرائیل باز نہ آیا تو پہلے سے سخت جواب دینگے: ایران

ایرانی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایرانی فوجی ترجمان کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی افواج نے مبینہ طور پر جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی 84 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں عام شہری متاثر ہوئے اور خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ بیان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود زمینی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نہیں آئی اور اسرائیلی فوجی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اگر اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی عسکری سرگرمیاں بند نہ کیں تو ایران کی مسلح افواج مناسب اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کیا جائے گا اور یکطرفہ فوجی اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ امن معاہدے اور جنگ بندی کے حوالے سے سفارتی پیش رفت جاری ہے، تاہم لبنان اور اسرائیل کی سرحدی صورتحال بدستور کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔

Back to top button