ایران کے شام، اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں قائم امریکی فوجی اڈے پر کیے گئے بیلسٹک میزائل حملے میں بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق اردن کے علاقے الازرق میں واقع امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ حملے کے دوران امریکی فوج کے سی-17 ٹرانسپورٹ طیارے اور پی-8 کمانڈ اینڈ کنٹرول طیارے کو بھی ہدف بنایا گیا۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اردن کے عوام اور بعض فوجی اہلکاروں کی جانب سے فراہم کی گئی مبینہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر الازرق میں امریکی فوج کے زیر استعمال 20 گودام تباہ کیے گئے، جبکہ اس کارروائی میں متعدد امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔
ادھر بحرین اور کویت میں خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بحرین میں امریکی سفارت خانے نے منامہ میں ممکنہ ایرانی حملے کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکر دھماکوں کے نتیجے میں تباہ ہو گئے۔
بیان کے مطابق شام کے علاقے التنف میں دشمن کے ایک کمانڈ سینٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جسے شہید ہونے والے فوجیوں کے خون کا بدلہ قرار دیا گیا۔
دوسری جانب بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب فضائی حملوں کے سائرن بجائے گئے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پرسکون رہیں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ردعمل میں ایران پر شدید حملہ کیا: ٹرمپ
بحرین، جہاں امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ تعینات ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران ایرانی حملوں کی زد میں رہا ہے۔ بحرینی حکام نے ایران پر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
