ایران امریکامعاہدہ سے پٹرول،ڈیزل بھی سستاہوجائےگا،علی پرویز

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ایران امریکا معاہدہ سےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اچھی خبر آئے گی۔
علی پرویزملک کانجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عوام نے امریکا ایران جنگ کی وجہ سے بہت تکلیف اٹھائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کا بجٹ متاثر ہوا۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ وعدہ ہے اور وزیر اعظم کی ہدایت بھی ہے کہ جس حد تک ممکن ہوا قیمتیں کم کریں گے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ عالمی منڈیوں میں ایران کا خام تیل دستیاب ہو گا، اسی امید پر عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں گر رہی ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پوری دنیا وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی کاوشوں کو سراہ رہی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 3 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ایران امریکا معاہدے کے بعد سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل کی قیمت میں 3.20 ڈالر کمی ہوئی جس کے بعد برطانوی خام تیل کی قیمت 79 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔امریکی خام تیل کی قیمت بھی 2.86 ڈالر کمی کے بعد 77 ڈالر فی بیرل ہوگئی، یو اے ای مربن 72 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔
گزشتہ روز بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی تھی۔
