ایران کےساتھ ڈیل پسند نہ آئی تودوبارہ حملہ کردوں گا،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کاکہناہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل یامفاہمتی یاداشت حتمی نہیں،مجوزہ مسودہ پسند نہ آیاتودوبارہ حملہ کردوں گا۔
پیرس میں جی سیون اجلاس کی سائیڈ لائن پر مصری صدر السیسی سے ملاقات کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ اہم ڈیل کی ہے اور ڈیل کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں، اسٹاک مارکیٹس بلندیوں پر ہیں، تیل کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں۔
امریکی صدرنے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز مکمل کھل جائے گی، ایران کے ساتھ ڈیل نہ ہوتی تو دنیا بھر میں معاشی دباؤ پیدا ہوتا تاہم ایران معاہدے میں 300 ارب ڈالر کے فنڈ کی رپورٹس غلط ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران سے متعلق مفاہمتی یادداشت حتمی نہیں اور اگر مجھے حتمی معاہدہ پسند نہ آیا تو ہم دوبارہ بمباری کی طرف واپس جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب جی سیون ممالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایران امریکا معاہدے کی حمایت کرتے ہیں، معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہےکہ بین الاقوامی سمندری گزرگاہوں سے بنا پابندی یا ٹول آمدورفت عالمی تجارت کی بنیاد ہے۔
مشترکہ بیانیے میں مزید کہا گیا ہےکہ لبنان میں فوری اور مضبوط جنگ بندی اور لبنانی قیادت کی حزب اللہ کو غیر مسلح کرنےکی کوششوں کی بھی حمایت کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ جی سیون ممالک نے آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنے اور توانائی ذخائر میں اضافےکے عزم کا اظہار بھی کیا۔
