لبنان کے خلاف جارحیت برداشت نہیں کرینگے، ایران کی اسرائیل کو وارننگ

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے فوجی مشیر محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران لبنان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا جنگ بندی کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کرے گا اور ایسی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا کہ ایران متعدد بار واضح کر چکا ہے کہ وہ لبنان کے خلاف جارحیت اور جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی کو قبول نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق آج رات کی کارروائی اس پالیسی کا عملی اظہار تھی اور جارحیت کرنے والوں کو ان کے اقدامات کا جواب مل چکا ہے۔ محسن رضائی نے خبردار کیا کہ حالیہ ردعمل دراصل ایک تنبیہ ہے تاکہ خطے میں کشیدگی بڑھانے والی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں دوبارہ ایسی کوئی کارروائی کی گئی تو ایران پہلے سے کہیں زیادہ سخت جواب دے گا اور اس کی قیمت بھی زیادہ بھاری ہوگی۔ایرانی فوجی مشیر کا کہنا تھا کہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی ایران کے لیے اہم ہے اور تہران خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی کسی بھی کوشش پر خاموش نہیں رہے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا اور متعدد علاقوں میں ہنگامی سائرن بجائے گئے جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تمام میزائل راستے میں ہی تباہ کر دیے گئے۔دوسری جانب ایران اور حزب اللہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اگر لبنان پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بیانات اور جوابی کارروائیوں نے مشرقِ وسطیٰ میں ایک نئے اور وسیع تر تصادم کے خدشات کو مزید تقویت دی ہے۔

Back to top button