ایرانی مسلح افواج جدید ٹیکنالوجی سےبھرپورفائدہ اٹھائے،صدرپزشکیان

ایرانی صدرمسعودپزشکیان نے ایرانی مسلح افواج پر زور دیا کہ وہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے جدید ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق اور مقامی علمی اداروں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
ایرانی صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پزشکیان نے فوجی کمانڈرز سے ملاقات کے دوران کہا کہ امریکا پر سکیورٹی کیلئے انحصار کرنا ایک غیر حقیقی اور غیر مؤثر تصور ثابت ہوا ہے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ خلیجی خطے کے ممالک اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی دیرپا سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی حالات کے پیش نظر ایران کو اپنے دفاعی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید مضبوط اور اپ ڈیٹ کرنا ہوگا کیونکہ مخالف قوتیں نئی ٹیکنالوجیز اور جدید ہتھیاروں تک رسائی حاصل کر چکی ہیں۔
ایرانی صدرنے کہا کہ ایران کو دفاعی میدان میں تکنیکی برتری حاصل کرنے کیلئے جامعات، سائنسی مراکز اور علم پر مبنی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے تاکہ ملکی دفاع کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
ایرانی صدر نے فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے سیاسی اور جماعتی معاملات سے دور رہتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں، جو ملک کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے جبکہ خطے میں سکیورٹی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
