عمان ،آئل ٹینکر میں خوفناک دھماکے کے بعدتیل کا اخراج شروع

آبنائے ہرمز کی بندش اور وہاں جاری کشیدگی کے دوران عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر میں خوفناک دھماکا ہوا ہے جس سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اس بات کی تصدیق بحری جہازوں کی سیکیورٹی پر نظر رکھنے والے برطانوی ادارے ‘یو کے میرین ٹریڈ آپریشنز نے کی اور مزید بتایا کہ یہ واقعہ خلیج عمان میں مسقط سے تقریبا 60 ناٹیکل میل مشرق میں پیش آیا۔
فوری طور پر دھماکے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا تاہم دھماکا باہر سے لگنے والی کسی چیز کے باعث ہوا۔ جہاز کا عملہ محفوظ ہے تاہم جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔
جہاز کے کپتان نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے بعد کچھ بنکر فیول (امدادی ایندھن) سمندر میں بہنا شروع ہو گیا ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ جہاز کو کس نے اور کیوں نشانہ بنایا ہے جب کہ دھماکا کس چیز سے ہوا اس کی تحقیقات بھی ابھی جاری ہیں۔
تاہم اس واقعے سے محض چند گھنٹے قبل امریکی افواج نے ایران میں میزائل داغنے والی جگہوں اور ان کشتیوں پر رات گئے حملے کیے تھے۔
جن کے بارے میں امریکی حکام کا دعویٰ تھا کہ وہ خلیجی پانیوں میں بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کر رہی تھیں۔
تاحال کسی نے بھی عمان کے ساحل پر آئل ٹینکر دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ امریکا اور ایرانی حکام نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔
یادرہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے پانیوں میں سمندری بارودی سرنگیں بچھائی ہوئی ہیں جب کہ امریکا نے بھی جواباً ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کی ہوئی ہے۔

Back to top button