امریکا سے مذاکرات کےلیے ایران کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا

امریکا سے مذاکرات کےلیے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت سپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف کررہے ہیں،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کا استقبال وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی استقبال کے موقع پر موجود تھے،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی استقبال میں شریک تھے۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات آگے بڑھائیں گے،پاکستان نے تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کلیے سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کےمطابق وفد میں صرف مذاکرات کار ہی نہیں بلکہ تکنیکی ماہرین،مشاورتی کمیٹیاں،سکیورٹی اہلکار اور میڈیا نمائندگان بھی شامل ہیں، تاکہ حساس اور پیچیدہ مذاکرات میں ہر پہلو سے رہنمائی حاصل کی جا سکے۔
میڈیا رپورٹس میں کہاگیا ہےکہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات نہایت حساس نوعیت کے ہیں،اسی لیے وفد میں تکنیکی اور ماہرین پر مشتمل ٹیمیں بھی شامل کی گئی ہیں جو مختلف معاملات پر فوری مشاورت فراہم کریں گی۔
