ایران کا کویت پر بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنا دیا: امریکی حکام کا دعویٰ

امریکا نے کویت پر مبینہ ایرانی حملے کو جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے کویت پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا جسے امریکی فوج نے بروقت ناکام بنا دیا ہے جس کی وجہ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل کویتی فورسز نے بروقت تباہ کر دیا، جس کے باعث کوئی نقصان نہیں ہوا۔بیان کے مطابق ایرانی فورسز نے اس سے قبل آبنائے ہرمز کے قریب اور اندر پانچ ڈرون حملے بھی کیے، جنہیں امریکی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ امریکی سینٹ کام کا کہنا ہے کہ بندر عباس سے لانچ کیا گیا چھٹا ڈرون بھی بروقت روک لیا گیا۔امریکی حکام کے مطابق ایران کی یہ کارروائیاں جنگ بندی کی واضح اور سنگین خلاف ورزی ہیں۔ سینٹ کام نے کہا کہ امریکی فورسز اور خطے میں موجود اتحادی ممالک بدستور ہائی الرٹ ہیں اور ایران کی ممکنہ جارحیت کے خلاف اپنے مفادات اور فوجی تنصیبات کے دفاع کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے کویت پر مبینہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریاض کویت کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کی حمایت کرتا ہے۔سعودی حکام نے کہا کہ خطے کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق کویت اور آبنائے ہرمز کے گرد بڑھتی ہوئی کشیدگی پورے مشرقِ وسطیٰ کے امن، عالمی تیل کی ترسیل اور بین الاقوامی سفارتی کوششوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
