شکست خوردہ دشمن کی تمام چالیں ناکام بنائیں گے: مجتبیٰ خامنہ ای

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن فوجی میدان میں ناکامی کے بعد ایرانی قوم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لیے ملک میں انتشار، اختلافات اور سماجی تقسیم پیدا کرنا چاہتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر نے ایرانی پارلیمنٹ کے نئے سیشن کے افتتاح کے موقع پر اپنے تحریری پیغام میں قوم کے تمام طبقات، سیاسی رہنماؤں، دانشوروں اور اراکین پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ قومی اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے مزید فعال کردار ادا کریں۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن نے جنگ، معاشی دباؤ، پروپیگنڈے اور محاصرے سمیت مختلف ہتھکنڈے استعمال کیے، لیکن اب اس کا مقصد اندرونی اختلافات اور سماجی انتشار کو ہوا دے کر ایرانی قوم کی مزاحمت کو کمزور کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے حالیہ بحرانوں اور حملوں کے دوران ثابت قدمی، وفاداری اور امید کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوستوں اور دشمنوں دونوں پر واضح کر دیا کہ قوم اپنے اصولوں اور آزادی کے دفاع کے لیے متحد ہے۔
سپریم لیڈر کے مطابق قومی اتحاد اور غیر متزلزل یکجہتی اسلامی ایران کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور یہی عناصر بدترین دشمن کے خلاف کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے عوام اور سیاسی قیادت پر زور دیا کہ اختلافِ رائے کو تنازع اور تقسیم میں تبدیل نہ ہونے دیا جائے بلکہ زبان اور عمل دونوں کے ذریعے قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ جن لوگوں کے دل اسلام، انقلاب اور ایران کی آزادی کے لیے دھڑکتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی قوم کی نمائندگی کرنا، جس نے بدترین جارحیت کے باوجود ثابت قدمی دکھائی اور تاریخ کو درست سمت دی، ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔
عیدالاضحیٰ اور پارلیمنٹ کے نئے اجلاس کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے سپریم لیڈر نے باقر قالیباف سمیت ملکی قیادت کی خدمات کو بھی سراہا۔
