ایران جنگ کی قیمت عوام کو اداکرناپڑرہی ہے،ظہران ممدانی

میئرنیویارک سٹی ظہران ممدانی نے کہا کہ تین ماہ قبل شروع کی گئی جنگ کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں،یہ جنگ ختم ہونی چاہیے۔

میئرنیویارک سٹی ظہران ممدانی  نے  ایکس پر  جاری بیان میں لکھا کہ  3  ماہ قبل ایسی جنگ شروع کی گئی جس کے حق میں کسی نے ووٹ نہیں دیا،  اس جنگ کی قیمت عوام ادا کررہے ہیں۔

میئرنیویارک کی ٹوئٹ کے مطابق کانگریس کی منظوری کے بغیر شروع کی گئی جنگ نے عوام کے بجٹ شدید متاثر کیے، جنگ کے باعث امریکا میں پیٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ظہران ممدانی نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ پہلے دن سے اور آج بھی اس جنگ کے خلاف ہوں،یہ جنگ ختم ہونی چاہیے۔

دوسری جانب برطانوی اخبار گارڈئین کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے معاہدے کا مسودہ اسرائیل سمیت اتحادی ملکوں کو بھیج دیا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق معاہدے میں آبنائے ہرمز اور امریکی ناکہ بندی کھولنے کی شقیں شامل ہیں۔مفاہمت کی یادداشت کے نتیجے میں ایران کو اس کے ان 12 ارب ڈالر اثاثوں تک رسائی دی جائے گی جو منجمد پڑے ہیں۔

مسودے میں آبنائے ہرمز کو 30 روز میں جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق چین چاہتا ہے کہ معاہدے کی حتمی توثیق اقوام متحدہ کرے۔

Back to top button