کیا عمران GHQ پر حملہ آور یوتھیوں کو میڈل دیں گے؟

سینئر سیاسی تجزیہ کار اور مسلم لیگ نون کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بلاشبہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد جو کچھ ہوا،  باقاعدہ منصوبہ بندی اور عمران کی خواہش کے مطابق ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی التجا کے باوجود انہوں نے غارت گری اور غارت گروں کی مذمت سے انکار کر دیا۔

بعید نہیں کہ کورکمانڈر ہائوس، جی۔ایچ۔کیو، ائیر بیس میانوالی اور دوسری دفاعی تنصیبات پر حملوں اور پی ٹی آئی ورکرز کی پھیلائی تباہی کی ویڈیوز دیکھ کر عمران خان اسدعمر کو حکم دیں کہ  ’’ ان سب غازیانِ صف شکن کو زمان پارک بلا کر حُسنِ کارکردگی کے خصوصی تمغے دئیے جائیں اور  آنے والے انتخابات میں اِن کو پارٹی ٹکٹ بھی دیئے جائیں  . اپنے ایک کالم میں عرفان صدیقی لکھتے ہیں کہ ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لئے تراشے گئے بیانیوں کے بیچوں بیچ ایک بیانیہ تاریخ کا بھی ہوتا ہے جو خودرَو پودے کی طرح آپ ہی آپ اُگتا اور فطرت کے ازلی وابدی اصولوں کی زرخیز آب وہوا میں پروان چڑھتا چلا جاتا ہے۔

 9مئی کے ’یوم سیاہ‘ کی کوکھ سے ایسے ہی تاریخی بیانیے نے جنم لیا ہے۔ اس کا پہلا جزو ، سیاست کے طالب علموں اور عوام الناس کے لئے ہے کہ ہنگامہ ، تخریب وانتشار کی بنیاد پر استوار کسی نام نہاد سیاسی جماعت سے تعمیری انقلاب اور مثبت تبدیلی کی توقع پرلے درجے کی خود فریبی ہے۔تاریخ کے بیانیے کا دوسرا حصہ ’’پروجیکٹ عمران‘‘ کو اپنے معتبر ادارے کا لہو پلانے والوں کے لئے ہے اور وہ یہ ہے کہ کیکر کی جڑوں میں گنے کی کھاد ڈالی جائے یا کسی لال شربت سے آبیاری کی جائے، اُسکی شاخوں پر آم لگتے ہیں نہ انگور کے خوشے جھولتے ہیں۔

عرفان صدیقی لکھتے ہیں کہ آئی۔ایس۔پی۔آر  نے 9مئی کو یوم سیاہ قرار دیا۔ بلاشبہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد جو کچھ ہوا، اس کی نظیر ہماری تاریخ میں نہیں ملتی۔ اُن کے ساتھ تو اس کا عشرِ عشیر بھی نہیں ہوا جو ماضی میں پاکستان کی مقبول سیاسی قیادت کے ساتھ ہوتا رہا۔ تین بیڈروم کے آراستہ پیراستہ ریسٹ ہائوس میں دو راتیں گزارنے کے بعد انہوں نے کہاکہ ’’کیا یہاں جنگل کا قانون ہے؟‘‘ اُنہیں کون بتائے کہ اپنے عہداقتدار کے پونے چار سالوں میں کس طرح آپ نے اس ملک کو گھنے دلدلی جنگل میں بدل دیا تھا جہاں چار سو حشرات الارض رینگتے اور اژدھے پھنکارتے تھے۔ کال کوٹھڑیوں میں پڑے قیدی مہینوں سورج کی کرن نہیں دیکھ پاتے تھے کہ تب بھی عدلیہ ’’پروجیکٹ عمران‘‘ کا حصّہ تھی اور ضمانتیں بنیادی انسانی حقوق میں شمار نہیں ہوتی تھیں۔ 9 مئی کو جو کچھ ہوا، وہ جمہوری احتجاج نہیں بپھرے ہوئے مشتعل جتھوں کی دہشت گردانہ کارروائیاں تھیں جو ملک کے طول وعرض میں ایک خودکار نظم کے ساتھ پھیلتی اور ایک ہی طرح کی پہچان رکھنے والی علامتوں کو خاکستر کرتی چلی گئیں۔ یہ کارکنوں کا بے ساختہ پن نہیں، اُن زہرناک رویوں کی لہلہاتی فصل تھی جو عمران خان اپنے پورے عہد سیاست میں کاشت کرتے رہے۔

عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی پچیس سالہ سیاسی تاریخ پر محیط اُن کے بیانات میں سے ایسے دو چار جملے بھی نہیں نکالے جاسکتے جن سے اتحادواتفاق، خیرسگالی، رواداری، بھائی چارے، اُجلی تہذیبی اقدار، امن وآشتی اور تحمل وبرداشت کی مہک آتی ہو۔ اس کے برعکس وہ اپنے چاہنے والوں کے ہر قطرۂِ خوں میں غصّے، غیظ وغضب، اشتعال اور نفرت کی چنگاریاں بوتے اور بارود بھرتے رہے۔ پہلا بڑا عملی مظاہرہ 2014ءکے چار ماہ کے دھرنوں میں ہوا۔ تب خان صاحب نے سول نافرمانی کاکہا۔ ہُنڈی کا حکم صادر کیا۔ بجلی کے بل جلائے۔ ایوان صدر، وزیراعظم ہائوس، پی ٹی وی اور سیکریٹریٹ پر حملے کئے۔ پولیس افسروں کو مارا پیٹا۔ 9تاریخ کو بھی اسلام آباد کا رُخ کرتے وقت انہوں نے ایک اعلیٰ فوجی افسر کا تواتر سے نام لے کر پیغام دیا کہ مجھے کچھ ہوگیا تو تمہاری توپوں کا رُخ کس طرف ہونا چاہئے۔ لہذا  کچھ ہوا، باقاعدہ منصوبہ بندی اور خان صاحب کی خواہش کے مطابق ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی التجا کے باوجود انہوں نے غارت گری اور غارت گروں کی مذمت سے انکار کر دیا۔

عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ 9؍ مئی کے یوم سیاہ کے سائے10مئی پر بھی محیط رہے۔ پھر اللہ کا کرنا یہ ہوا کہ 11اور12 مئی کو پے درپے دو ’’ایام سفید‘‘ طلوع ہوئے۔ دنیا بھر کو پیغام ملا کہ یکایک پاکستان کا نظام عدل وانصاف نئی رفعتوں کو چھونے لگا ہے۔ 11مئی کو خان صاحب کے ’’غلط اندازِ گرفتاری‘‘ پر پٹیشن دائر ہوئی۔ اُسی دن نمبر لگ گیا۔ اُسی دن بینچ قائم ہوگیا۔ اُسی دن نوٹس جاری ہوگئے۔ اُسی دن سماعت شروع ہوگئی۔ اُسی دن درخواست گزار سیاہ رنگ مرسیڈیز میں سوار ججوں کے لئے مخصوص دروازے سے داخل ہوئے، اُسی دن دلائل مکمل ہوگئے، اُسی دن فیصلہ صادر ہوگیا، اُسی دن ملزم کو رہائی مل گئی ۔ عدالت عظمی نے ملک بھر میں غارتگری کے حقیقی محرک کا استقبال کرتے ہوئے دلی خوشی کا اظہار کیا۔ پولیس لائنز کے بنگلے کو شاہی مہمان خانے میں بدل دیا جہاں میل ملاقات سمیت تمام سہولتیں فراہم کردی گئیں۔ دوسرا یوم سفید 12مئی کو طلوع ہوا جب اسلام آباد ہائیکورٹ میں پے درپے ضمانتوں کی گنگا موجیں مارنے لگی جس میں خان صاحب گیارہ گھنٹے اشنان کرتے ، قلقاریاں مارتے اور چھینٹے اڑاتے رہے۔ درجنوں ضمانتوں پر بھی اُن کی تسلّی نہ ہوئی تو ایک عدالتی فرمان آگیا _ ’’اُن تمام مقدمات میں ضمانت جو خان صاحب یا عدالت کے علم میں نہیں یا جو آئندہ بھی درج ہوسکتے ہیں۔

عرفان صدیقی اپنے کالم میں گمان ظاہر کرتے ہیں کہ   کورکمانڈر ہائوس، جی۔ایچ۔کیو، ائیر بیس میانوالی اور دوسری دفاعی تنصیبات پر حملوں اور پی ٹی آئی ورکرز کی پھیلائی تباہی کی ویڈیوز دیکھ کر تو عمران خان  کے تبسّم نا آشنا ہونٹوں پر بھی مسکراہٹ پھیل جائے گی اور وہ اسدعمر کو حکم دیں گے _ ’’ ان سب غازیانِ صف شکن کو کل زمان پارک بلائو۔ سب کے لئے حُسنِ کارکردگی کے خصوصی تمغے بنوائو اور آنے والے انتخابات میں اِن کے ٹکٹ ابھی سے کنفرم کردو۔‘‘  غارت گری کے شواہد کے طورپر پیش کی جانے والی وڈیوز تو  اُن میں دکھائی دینے والے تمام کرداروں کی ترقیِٔ درجات کے مستند شواہد ہوں گی  اور وہ سب عتاب کی بھٹّی میں جھونک دئیے جائیں گے جو اس تاخت وتاراج سے کنارہ کش رہے۔

Back to top button