کیا واقعی امریکا ایران کو 300ملین ڈالر دینے والا ہے؟

ایران امریکا امن معاہدہ طے پانے کے بعد خبریں گرم ہیں کہ امریکا تعمیر نو کیلئے ایران کو 300 ملین ڈالر دینے والا ہے تاہم اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 300 ملین ڈالر دینے سے متعلق خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ دعویٰ کہ امریکا نے ایران کو 300 ملین ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے سراسر جھوٹ ہے، جسے ڈیموکریٹس نے جان بوجھ کر پھیلایا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کو کسی بھی قسم کی مالی معاونت یا ادائیگی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی ایسا کوئی معاہدہ زیر غور ہے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ خطے میں استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ایک انٹرویو کے دوران جب ایرانی تعمیر نو کے لیے ممکنہ فنڈز تک رسائی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ سہولت ایران کو صرف اسی صورت میں ملے گی جب وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل کرے گا۔امریکی حکام کے مطابق ایران سے متعلق مالی امداد کی تمام رپورٹس قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں اور زمینی حقائق سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
