اسرائیل کے ایران کے ایٹمی پلانٹ کے قریب مزید حملے

اسرائیل کی جانب سے ایک بار پھر ایران میں مختلف مقامات پر حملے کیےگئے ہیں۔ اسرائیل نے ایران کے فوردو ایٹمی پلانٹ کے قریب حملے کیے۔جہاں ایران کے دفاعی نظام نے ایک اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرایا۔

ایرانی میڈیا کےمطابق اسرائیل نے تہران کے قریب خاوار ائیر بیس پر بھی بمباری کی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کےمطابق اس دوران اصفہان اور قم میں بھی دھماکے سنےگئے۔

خیال رہےکہ صبح سے اب تک وقفے وقفے سے ایران کی عسکری اور جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔

اسرائیل نے آج صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملےکیے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا۔

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں 78 افراد جاں بحق جب کہ 329 زخمی ہوئے۔

خبر رساں ایجنسی کےمطابق اسرائیلی حملوں میں تہران کے رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایاگیا۔


دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کا کہنا ہےکہ اسرائیل ایران کی میزائل تیار کرنے کی صلاحیت کو تباہ کرنے جا رہا ہے جس پر ایران کا جواب سخت ہو سکتا ہے۔

نیتن یاہو نے کہاکہ اسرائیلی حملوں پر ایران کا رد عمل ناگزیر ہے،ایران کا رد عمل انتہائی سخت ہو سکتا ہے۔

Back to top button