قطر پر اسرائیلی حملہ، او آئی سی اجلاس آج دوحہ میں ہو گا

قطر پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس آج دوحہ میں منعقد ہوگا۔

اس اجلاس میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، جبکہ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کریں گے اور ملک کا موقف پیش کریں گے۔ امکان ہے کہ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے سے متعلق قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔

کل 15 ستمبر کو او آئی سی کا سربراہی اجلاس شیڈول ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم اس سے قبل بھی قطر کا ایک روزہ دورہ کر کے اسرائیلی حملے کے خلاف اظہار یکجہتی کر چکے ہیں۔

دوسری جانب قطر کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت دوحہ میں عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران اسرائیل کے قطر پر حملے سے متعلق قرارداد کے مسودے پر غور کیا جائے گا۔

قطر نیوز ایجنسی (قنا) کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے واضح کیا کہ قرارداد کا مسودہ آج ہونے والے وزرائے خارجہ کے تیاری اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جس پر کل سربراہی اجلاس میں غور ہوگا۔

وزارتِ خارجہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ یہ غیر معمولی اجلاس ریاستِ قطر پر اسرائیلی حملے اور حماس کے اعلیٰ رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے معاملے پر بلایا جا رہا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس وقت عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کی اہمیت اس لیے بڑھ گئی ہے کیونکہ یہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ وسیع تر مسلم اور عرب اتحاد کا اظہار ہے۔

وزرائے خارجہ کا تیاری اجلاس اتوار کو ہوگا، جب کہ سربراہی اجلاس پیر کے روز منعقد کیا جائے گا۔

Back to top button