اسرائیلی انٹیلی جنس چیف مستعفی ہوگئے

اسرائیل کے انٹیلی جنس چیف اہرون ہلیوا نے حماس کا حملہ روکنے میں ناکامی پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا، وہ اس عہدے سے مستعفی ہونے والی پہلی اسرائیلی شخصیت ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اہرون ہلیوا نے حملہ روکنے میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کی تھی، اسرائیلی ملٹری چیف کی جانب سے اہرون کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔واضح رہے کہ حال ہی میں ایران اور اسرائیل کے درمیان حالات کافی کشیدہ ہوچکے ہیں اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر میزائل حملے بھی کیے ہیں۔حماس نے گزشتہ سال7 اکتوبر کو اسرائیل پر بڑا حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں اسرائیل میں تقریباً ایک ہزار 160 ہلاکتیں ہوئی تھیں، اس حملے کے دوران حماس نے درجنوں اسرائیلیوں کو قید بھی کرلیا تھا۔اسرائیلی کی جوابی کارروائی میں اب تک فلسطینیوں کی اموات کی مجموعی تعداد 34ہزار 97 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ اسرائیلی حملوں میں 76 ہزار 980 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
