جاوید چوھدری کی اسی ماہ دوبارہ پاکستان پر حملے کی پیش گوئی

معروف اینکر پرسن اور تجزیہ کار جاوید چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے باوجود بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی باز  نہیں آئیں گے، وہ پنگے بازی جاری رکھیں گے اور اسی مہینے پاکستان پر دوبارہ حملے کی کوشش کریں گے تاکہ بدلہ لیا جا سکے۔

روزنامہ ایکسپریس کے لیے اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ بی جے پی نے 13 مئی سے ہندوستان میں ’’ترنگا یاترا‘‘ شروع کر دی ہے۔ یہ بھارتی تاریخ کی پہلی ایسی یاترا ہے جو پورے ملک میں ہو رہی ہے اور اس کا مقصد بھارت کی فتح کا جشن ہے۔ یہ یاترا 23 مئی کو ختم ہو گی‘ لہازا مجھے خدشہ ہے نریندر مودی 23 مئی کو خوف ناک تقریر کرے گا اور پاکستان سے سیز فائر توڑنے کا اعلان کر دے گا‘ موفی ترنگا یاترا کے ذریعے اس تقریر کے لیے فضا ہموار کر رہا ہے۔ سینیئر صحافی کا کہنا ہے کہ مودی پوری قوم کو اکٹھا کرے گا‘ کروڑوں لوگوں کو سڑکوں پر لائے گا اور 23 یا 24 مئی کو سکرینیں لگا کر تقریر کرے گا اور پھر پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کر دے گا۔

جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ میرے اس موقف کے لیے بطور ثبوت یہ دلیل کافی ہو گی نریندر مودی نے امریکا کے ذریعے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے درمیان رابطے کے لیے 24 مئی تک وقت مانگا ہے‘ کیوں؟اگر تو مودی پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے مخلص ہے تو پھر نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے درمیان رابطے کے لیے 24 مئی کا انتظار کیوں؟ یہ رابطہ آج کیوں نہیں ہو سکتا؟ دوسری بات یہ کہ سیز فائر کے بعد ترنگا یاترا کی کیا ضرورت تھی؟ اور وہ بھی 10 دن طویل‘ یاد رکھیں نریندر مودی ترنگا یاترا کی آڑ میں فوجی اور سفارتی تیاریاں کر رہا ہے‘ یہ عوام کو بھی موبلائز کر رہا ہے چناںچہ ابھی بھارت کے ساتھ جنگ ختم نہیں ہوئی‘ مودی پاکستان پر دوبارہ حملہ کرے گا اور اسی مہینے میں کرے گا اور اس مرتبہ اس کا نشانہ ہماری ائیرفورس اور میزائل سسٹم ہو گا۔

جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ دوسری جانب پاکستان نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں‘ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے۔ چین نے جے 35 اے کے نام سے جنریشن فائیو طیارے بنا لیے ہیں‘ یہ دراصل اسٹیلتھ طیارے ہیں جنہیں ریڈار نہیں پکڑ سکتا‘ چین پاکستان کو یہ طیارے دے رہا ہے‘ہمارے پائلٹ اس وقت چین میں یہ طیارے اڑانے کی ٹریننگ لے رہے ہیں‘ لیکن سوال یہ ہے کیا انڈیا یہ بات نہیں جانتا؟ بھارت بخوبی یہ بات جانتا ہے چناں چہ اس کی کوشش ہو گی کہ وہ جے 35 اے لڑاکا طیارہ پاکستان کے پاس پہنچنے سے پہلے اپنی شکست کا بدلہ لے، لہٰذا بھائیو زیادہ خوشیاں نہ مناؤ‘ اللہ سے دعا کرو‘ اتحاد قائم کرو اور تیاریاں جاری رکھو‘ زخمی سانپ مرنے سے پہلے بھرپور حملہ کرتا ہے اور مودی اس کی تیاری کر رہا ہے۔

سینیئر اینکر پرسن کا کہنا ہے کہ اگر مادوہ شکست کو خاموشی سے برداشت کر جائے گا تو بھارت سے بی جے پی‘ آر ایس ایس اور مودی تینوں ختم ہو جائیں گے‘ کانگریس نے 10 مئی کے بعد انگڑائی لینی شروع کر دی ہے‘ راہول گاندھی سڑکوں پر نکل رہا ہے‘ بی جے پی کا اقتدار ریاستوں میں بھی سمٹ رہا ہے‘ میڈیا نے بھی سوال اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔ مودی دس برسوں میں زیادہ تر نیوز چینلز اور صحافی اپنی جیب میں ڈال چکا ہے لیکن سوشل میڈیا نے نئی شخصیات کو جنم دے دیا اور ان کی آواز ’’گودی میڈیا‘‘ کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے، چناںچہ رویش کمار اور پروین سوہائے جیسے لوگ اب سوال اٹھا رہے ہیں اور حکومت کے پاس ان کا کوئی جواب نہیں‘ امریکا بھی بھارت کو دانت دکھا رہا ہے‘ ایپل کمپنی نے چین میں اپنا بزنس سمیٹ کر بھارت میں سرمایہ کاری شروع کی تھی‘ ٹاٹا کمپنی کے ساتھ مل کر ایپل نے 2017میں آئی فون کی فیکٹریاں لگائیں‘ 2024 میں بھارت میں 22 بلین ڈالر کے آئی فون بنے اور امریکا اور دوسرے ملکوں میں ایکسپورٹ ہوئے‘ ٹرمپ نے 15 مئی کو ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کک کو قطر میں بلا کر بھارت میں فیکٹریاں بند کرنے کا حکم دے دیا‘ یہ مودی سرکار کے لیے معاشی دھچکا ہے لہٰذا نریندرمودی کمرے میں پھنسی بلی بن چکا ہے اور اس کے پاس پاکستان پر حملے یا دونوں ملکوں میں ٹینشن بڑھانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں‘یہ اپنے آپ‘ بی جے پی اور آر ایس ایس کو بچانے کے لیے پاکستان کی طرف پلٹے گا‘ یہ ہم پر حملہ کرے گا‘ لہازا ہمیں اپنی کامیابی پر زیادہ خوش نہیں ہونا چاہیے۔

جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ میں پریکٹیکل قسم کا دنیا دار انسان ہوں‘ میرا دماغ غزوہ ہند جیسی اصطلاحات کو قبول نہیں کرتا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مجھے یقین ہوتا جا رہا ہے تیسری عالمی جنگ دنیا کے سر پر منڈلا رہی ہے‘ یہ جنگ ایران سے سٹارٹ ہو گی یا ہندوستان سے بس یہ فیصلہ باقی ہے‘ اگر تو جنگ ایران سے سٹارٹ ہو گئی تو یہ پہلے عالم اسلام کو نگلے گی اور اس کے بعد یورپ اور امریکا کو اپنے نرغے میں لے لے گی‘ چین اور روس بھی اس کا رزق بن جائیں گے، لیکن اگر یہ جنگ بھارت سے شروع ہوئی تو چین‘ ترکی اور روس کو اس میں کودتے دیر نہیں لگے گی جس کے بعد اسرائیل‘ یورپ اور امریکا خود کو اس سے دور نہیں رکھ سکیں گے اور پھر وہ وقت آ جائے گا جب پوری دنیا ملبے اور راکھ کا ڈھیر ہوجائے گی۔

جاوید چوہدری کا کہنا ہے کہ مجھے وقت کے ساتھ ساتھ غزوہ ہند حقیقت کا روپ دھارتا ہوا محسوس ہو رہا ہے‘ بھارت نے اگر نریندر مودی‘ بی جے پی اور آر ایس ایس کو کنٹرول نہ کیا اگر جنگ کے جنون کو قابو نہ کیا گیا تو مودی اس خطے اور بعدازاں پوری دنیا کو تنور میں جھونکتے دیر نہیں لگائے گا‘ کیوں؟ کیوں کہ یہ اس قبیلے کے ساتھ تعلق رکھتا ہے جو دل سے سمجھتا ہے ’’اگر مودی نہیں تو انڈیا نہیں‘‘ اور یہ وہ سوچ ہے جس کے ہوتے ہوئے یہ خطہ امن سے زندگی نہیں گزار سکتا چناں چہ غزوہ ہند کی تیاری کر لیں‘ یہ اب زیادہ دور نہیں رہا۔

Back to top button