جناح ہاؤس حملہ کیس: علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

 

 

 

لاہور میں 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیاگیا، جہاں عدالت نے پولیس کی 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صرف 5 دن کا ریمانڈ منظور کرلیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، پراسکیوشن نے عدالت میں مؤقف اختیار کیاکہ ملزم شیر شاہ جائے وقوعہ پر موجود تھا، وہاں اسلحہ کا استعمال کیاگیا، اور ویڈیو فوٹیج میں بھی اس کی موجودگی ثابت ہوتی ہے۔مزید کہاگیا کہ ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی برآمد کرنے ہیں،اس لیے طویل ریمانڈ دیا جائے۔

ملزم شیر شاہ کے وکلا سلمان اکرم راجا اور رانا مدثر نے گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا اور کہاکہ شیر شاہ کو 27 ماہ بعد گرفتار کیا گیا، حالانکہ وہ گزشتہ روز اپنے بھائی شاہ ریز کے ساتھ عدالت میں پیش بھی ہوا تھا۔وکلا نے مؤقف اپنایاکہ پولیس کی تاخیر اور گرفتاری کے طریقہ کار پر سوال اٹھتا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ کیاگیا فیصلہ سناتے ہوئے شیر شاہ کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری شواہد کی بنیاد پر ہوئی : طلال چوہدری

یاد رہے کہ ایک روز قبل لاہور پولیس نے عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کو گرفتار کیا تھا، جب کہ اس سے پہلے اس کے بھائی شاہ ریز کو بھی اسی مقدمے میں حراست میں لیا گیا تھا۔

 

Back to top button