کراچی ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کا کیس : نوجوان نے ملزم سلمان فاروقی کو معاف کر دیا

جوڈیشل میجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ڈیفنس میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمےکی سماعت ہوئی، پولیس کی جانب سےملزمان کوعدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان میں سلمان فاروقی اوراویس ہاشمی شامل تھے۔
بااثر شخص کے تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان سدھیر نے ملزم کو معاف کردیا، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں متاثرہ نوجوان سدھیر نے ملزم کو شناخت کرتے ہوئے اسے معاف کیا اور بیان دیا کہ عدالت جو چاہے فیصلہ کرے۔
عدالت کی جانب سےملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا، تفتیشی افسرسےآئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی گئی، جس کےبعد متاثرہ نوجوان سدھیر عدالت میں پیش ہوا اور مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو شناخت کرلیا۔
متاثرہ نوجوان سدھیر نےعدالت میں بیان دیا کہ مجھے علم میں نہیں تھا کہ مجھے عدالت نے بلایا ہے، آج وکیل نے بتایا تو میں پیش ہوگیا۔
عدالت نے متاثرہ نوجوان سےسوال کیا کہ کسی قسم کا دباؤ کا سامنا تو نہیں ؟ جس پر متاثرہ نوجوان نے عدالت میں بیان دیا کہ میں کوئی کیس نہیں کرنا چاہتا،میں نے ملزم کو معاف کردیا ہے۔
جنگ میں بھارت نے دنیا کے سامنے اپنا تماشا بنوایا ، رافیل ایسے گرےجیسے چڑیا گرتی ہے : مصدق ملک
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں کراچی کے پوش علاقے گذری ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار بااثر شخص طیش میں آگیا تھا، اورموٹر سائیکل سوار شہری کو زد و کوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
نوجوان کے ساتھ موجود اس کی بہنیں بااثر شخص کے سامنے ہاتھ جوڑ جوڑ کر معافیاں مانگتی رہیں، لیکن روتی لڑکیوں کے آنسوؤں پر بھی بااثر شخص کو ترس نہیں آیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے بااثر ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا تھا، عدالت نے ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ دے رکھا ہے۔