کراچی کی جنریٹر مارکیٹ میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق

کراچی کی جنریٹر مارکیٹ میں آتشزدگی سے عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص دم گھٹنے سے چل بسا جبکہ تین افراد بے ہوش ہوگئے ہیں۔ایدھی حکام کے مطابق رضاکاروں نے ریسکیو آپریشن کیا اور بے ہوش ہونے والے افراد کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا۔
جاں بحق ہونے والے 46 سالہ شخص کی شناخت علی اصغر ولد برہان الدین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بےہوش ہونے والوں میں 28 سالہ رتی لال، 25 سالہ ارسلان اور 23 سالہ آصف مسیح شامل ہیں۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بھی تصدیق کی کہ ایک لاش سول ہسپتال کراچی لائی گئی ہے جو تقریباً مکمل طور پر جل چکی ہے۔
فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 7 فائر ٹینڈر، 2 اسنارکلز اور 2 باؤزر آگ بجھانے میں استعمال ہوئے، آگ لگنے کی وجہ بعد میں معلوم کی جائے گی۔دریں اثنا میٹھادر پولیس کے ایس ایچ او خان محمد بھٹی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ آر کے اسکوائر کی آخری اور دسویں منزل پر آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ یہ بنیادی طور پر تجارتی عمارت تھی جہاں کئی دفاتر موجود ہیں، کچھ پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو سروسز کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن کولنگ کا کام جاری ہے، عمارت کو اچھی طرح چیک کرنے اور کلیئر کرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
