خواجہ آصف شہباز حکومت کیخلاف سازش کیوں کرنے لگے؟

ماضی قریب میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کی پارلیمنٹ میں طلبی کا مطالبہ کرنے والے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک اور بیان داغتے ہوئے ملک کو دیوالیہ قرار دے دیا ہے۔ مبصرین کے مطابق لیگی رہنما خواجہ آصف اپنی بیان بازی سے مسلسل شہباز حکومت کیلئے نت نئی مشکلات کا سامان کر رہے ہیں۔ ماضی قریب میں خواجہ آصف کے سابق عسکری قیادت کے احتساب کے مطالبے سے جہاں اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کی کشیدگی کا خدشہ پیدا ہوا وہیں دوسری طرف خواجہ آصف نےپاکستان کے دیوالیہ ہونے کا دعوی کر کے ملک میں آنے والی بیرونی سرمایہ کاری کیلئے بھی خطرات پیدا کر دئیے ہیں۔ تاہم مبصرین اس سوال کا جواب ڈھونڈنے کیلئے کوشاں دکھائی دیتے ہیں کہ خواجہ آصف کی جانب سے نون لیگ کی شہباز حکومت کے دور اقتدار میں اس طرح کے دعوے اور مطالبات کرنے کا اصل مقصد کیا ہے؟ خواجہ آصف آئے روز اس طرح کے بیانات کیوں داغ رہے ہیں؟ ایسے بیانات سے شہباز حکومت کو کتنا بڑا نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے؟
خیال رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت عوام کو ریلیف دینا ممکن نہیں ہے، پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے، اس وقت حالات مشکل ہیں اور آگے بھی مشکل ہی ہوں گے اور آئندہ 2 سالوں کے بعد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے جس بعد عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔
خواجہ آصف کے اس بیان کے بعد تجزیہ کاروں نے کہا کہ یہ بیان غیر ذمے دارانہ ہے جبکہ کچھ نے کہا کہ ان پر عمر کا اثر ہو گیا ہے اور وزیر دفاع کو دفاعی معاملات پر ہی بولنا چاہیے ورنہ خاموش رہنا چاہیے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر تجزیہ کار اورصحافی مجیب الرحمٰن شامی نے خواجہ آصف کے بیان کو بے بنیاد اور غیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔مجیب الرحمٰن نے کہا کہ لگتا ہے کہ ان پر عمر کا اثر ہو گیا ہے، اس بیان کی نہ تعریف کی جا سکتی ہے اور نہ ہی تائید وزیر دفاع کو دفاعی معاملات پر بولنا چاہیے اور خزانہ کے معاملات وزیر خزانہ پر چھوڑ دینے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے کیے گئے معاہدوں کا پاس رکھا ہے، اپنی تمام ادائیگیاں مکمل کی ہیں اور سب وقت پر کی ہیں، یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے مزید تعاون مل رہا ہے۔
مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ دیوالیہ ہونا ایک معاشی اصطلاح ہے جس کا مطلب ہے کہ ملک اپنی ادائیگیاں نہیں کر رہا اور لوگ آپ کے پیچھے ہیں لیکن پاکستان کی ایسی صورتحال نہیں ہے جس سے قرض لیا ہے اس کو ادائیگی وقت پر کی گئی ہے لہٰذا یہی وجہ ہے کہ مزید قرض دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات مشکل ضرور ہیں لیکن یہ بالکل غیر ذمے دارانہ بات ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب سینیئر تجزیہ کار ضیغم خان نے کہا کہ وزیر دفاع کا بیان انتہائی غیر ذمے دارانہ ہے، پاکستان دیوالیہ نہیں ہوا نہ ہو گا۔ضیغم خان نے کہا کہ وزیر دفاع سمجھتے ہیں کہ پاکستان کوئی چوپال ہے کہ جہاں بیٹھ کر جتنی مرضی باتیں بنا لو لیکن ان جیسی شخصیات کے ایسے بیان سے ملک کو بہت نقصان ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وزیر دفاع ایسا بیان دیں گے تو کون سرمایہ کاری کے لیے پاکستان آئے گا، پاکستانی عوام بھی سرمایہ کاری نہیں کریں گے اور ڈالر خریدے گی۔
ضیغم خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی وفاقی وزیر پوری کابینہ کا نمائندہ ہوتا ہے اور جو بیان دیا جاتا ہے وہ حکومت کا بیان تصور کیا جاتا ہے لہٰذا اس طرح کے غیر ذمے دارانہ بیان سے ملک کو آنے والے دنوں میں بہت زیادہ نقصان ہو گا۔
خواجہ آصف کے بیان بارے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیئر تجزیہ کار انصار عباسی کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع اس قسم کے بیان کی توقع نہیں کی جا سکتی، ان کا یہ بیان غیر ذمے دارانہ ہے اور اس سے ملک میں معاشی عدم استحکام بڑھے گا۔انصار عباسی نے کہا کہ ملک کو صحیح سمت میں لانے اور معاشی حالات کو بہتر بننے کے لیے حکومت بہت سی کاوشیں کر رہی ہے، اس کے علاوہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات بھی خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بھی اعتماد بحال ہو رہا ہے، ایسے میں اس طرز کے بیان سے ملک کا بہت نقصان ہو گا۔

Back to top button