’’خیبرپختونخوا کی یونیورسٹیاں مالی بحران سے دوچار کیوں‘‘

فنڈز کی کمی، قریبی لوگوں کو ملازمت دینے، بدتر مینجمنٹ کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی 34 میں سے 24 سرکاری یونیورسٹیاں شدید مالی بحران سے دوچار ہیں، اکثر یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر تک نہیں جبکہ اساتذہ کی بڑی تعداد تنخواہوں اور پنشن کیلئے سراپا احتجاج ہے جس کی بچوں کی تعلیم کا بھی حرج ہو رہا ہے۔پشاور کی تاریخی یونیورسٹی آف پشاور، زرعی یونیورسٹی ، انجینیئرنگ یونیورسٹی اور اسلامیہ کالج سمیت مالی مشکلات کی شکار کئی دیگر جامعات وائس چانسلر کی تعیناتی نہ ہونے کا سامنا کر رہی ہیں۔ گوناگوں مشکلات کی وجہ سے اساتذہ اور انتظامیہ اکثر سڑکوں پر تنخواہ اور دیگر سہولیات کے لیے احتجاج کرتے نظر آتے ہیں۔ سرکاری سرپرستی میں چلنے والی خیبرپختونخوا کی تقریباً تمام جامعات مسلسل مالی بحران کا سامنا کر رہی ہیں، ان جامعات میں اساتذہ کے ساتھ انتظامی عملہ بھی آئے دن سڑکوں پر احتجاج کرتے نظر آتے ہیں، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اب تک ایک درجن سے زیادہ جامعات کا دورہ کرچکے ہیں لیکن وہ اب تک کسی بھی یونیورسٹی کے مسائل حل نہ کرسکے ۔ وفاقی حکومت کے زیر انتظام اداروں نے 2018 ء کے بعد خیبر پختونخوا کے جامعات کے لیے مختص گرانٹس میں کمی کی ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا حکومت نے بھی گزشتہ تین سال کے دوران زرعی یونیورسٹی پشاور سمیت کئی دیگر نئی یونیورسٹیز کو صوبائی گرانٹ نہیں دی گئی جسکی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔دور دراز کے علاقوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے قائم کی جانیوالی یونیورسٹیاں جلد ہی مشکلات میں پھنس گئیں ۔ سیاستدانوں نے زیادہ تر جامعات محض اپنے لوگوں کو نوکریاں دلانے کے لیے کھولیں۔ ان یونیورسٹیز کے قیام سے تعلیمی معیار پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے عملے کی کمی کے ساتھ ساتھ انہیں وسائل کی کمی کا بھی سامنا ہے۔خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں تاریخی یونیورسٹی آف پشاور ، انجنیئرنگ یونیورسٹی ، اسلامیہ کالج یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی کے ملازمین کی بھاری تنخواہ اور پینشن کی ادائیگی کے لیے پریشان ہیں۔مالی سال دوہزار تیئس اور چوبیسس کے دوران پختونخوا کی تمام جامعات کے مجموعی اخراجات 41 ارب روپے تک پہنچائے گئے، مالی مشکلات اور جامعات کے اندرونی مسائل میں پھنسے خیبر پختونخوا کی یونیورسٹیز تحقیقی کام پر توجہ نہ دے سکی۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ اسکور کارڈ میں صوبے کی صرف دو یونیورسٹیز 60 فیصد نمبر حاصل کرسکی ہیں۔ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے زرعی یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت کا کہنا تھا، ”اس وقت یونیورسٹی کے پورے عملے کو فروی کے لیے آدھی تنخواہ دیں گے۔ ہمیں اخراجات سے نمٹنے کے لیے 40 کروڑ روپے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر جہاں بخت کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو 40 کروڑ روپے کی سمری ارسال کی گئی جس میں انہیں ساڑھے سات کروڑ روپے دیے گئے جبکہ مزید ساڑھے سات کروڑ روپے کے لیے سمری چیف سکریٹری کے پاس پڑی ہے اور یہ رقم مل جائے تو صرف تنخواہ اور پینشن کا کچھ حصہ ادا کرنے کے قابل ہونگے۔صوبائی حکومت نے جامعات کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 23 جنوری کو اسلام آباد میں مختلف جامعات کے لیے وائس چانسلرز کے 190 اُمیدواروں کے انٹرویوز لیے گئے لیکن غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے حتمی فہرست سامنے نہ آ سکی۔

Back to top button