مریم نواز کی پنجاب حکومت میں نقل مافیا کتنا طاقتور ہے؟

پاکستان بھر میں نقل مافیا ہمیشہ سے ہی تعلیمی معیار میں بڑی رکاوٹ ثابت ہوا ہے، سندھ، بلوچستان، کے پی کے میں یہ مافیا زیادہ سرگرم ہے جبکہ آج کل نقل مافیا پنجاب میں بھی تیزی سے قدم جما رہا ہے۔’’اردو نیوز‘‘ کے مصنف رائے شاہنواز نے نقل کے ایسے ہی ایک واقعہ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ مسلسل تیسرا روز تھا جب پنجاب کے امتحانی مراکز میں ایک طرح سے بھونچال کی کیفیت تھی، میٹرک کے امتحانات ہو رہے تھے اور یہ 30 مارچ کا دن تھا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے چار بڑے امتحانی مراکز پر چھاپے مارے گئے اور ہوشرُبا انکشافات سامنے آئے۔ نقل کروانے میں امتحانی مراکز کا عملہ براہ راست ملوث تھا، ثبوتوں کے انبار لگ چکے تھے۔ جن چار امتحانی مراکز پر ان دنوں چھاپے مارے گئے ان میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزاہ زار، پی آئی اے سوسائٹی میں ایک نجی امتحانی مرکز، سول لائنز کالج اور ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن شامل تھے۔
سول لائنز کالج میں پیپر دینے والے ایک طالب علم فیاض (فرضی نام) نے ’’اردو نیوز‘‘ کو بتایا کہ ’ہم پیپر دینے کیلئے ہال میں موجود تھے، یہ ہمارا تیسرا پیپر تھا اور عملہ بہت ہی عجیب حرکتیں کر رہا تھا، فیاض کے مطابق ’کبھی امتحان دینے والے بچوں کی جگہیں تبدیل کروا دی جاتیں اور کئی بچوں کو تو وہ باقاعدہ نقل بھی کرواتے تھے۔اس دن بھی یہ ہو رہا تھا کہ اچانک کچھ ٹیمیں باہر سے آگئیں اور انہوں نے بچوں سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔ شام تک امتحانی عملے کے 6 افراد کو پولیس گرفتار کر چکی تھی، ان چھ افراد سے جو تفتیشی اداروں نے جو معلومات نکلوائیں تو صورتِ حال کی سنگینی نے نیا رُخ اختیار کر لیا۔ 30 مارچ کی رات 10 بجے چیف سیکریٹری پنجاب کو اپنا دفتر کھول کر لاہور بورڈ کے چیئرمین اور کنٹرولر کو معطل کرنا پڑا جبکہ آدھی رات کو کمشنر لاہور کو لاہور بورڈ کا اضافی چارج دے دیا گیا۔پنجاب کے امتحانی مراکز میں بُوٹی مافیا کیسے کام کرتا ہے اس سے متعلق خود صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ان کے پاس کئی طریقے ہیں۔’جس رات ہم نے چیئرمین لاہور بورڈ اور کنٹرولر کو ہٹایا اس دن جو طریقہ ہمارے سامنے آیا تھا اس نے تو ہمیں بھی ہلا کر رکھ دیا تھا۔‘’اس مافیا نے پورے امتحانی مراکز خریدے ہوئے تھے اور وہاں اُن کا اپنا عملہ تعینات تھا۔ ان لوگوں سے پیسے لے کر امتحانی مراکز دینے میں خود بورڈز کی اسٹیبلشمنٹ شامل تھی۔لاہور کے امتحانی مراکز میں سپرنٹنڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس شیخوپورہ سے لائے گئے تھے اور ان کی تعداد 77 تھی۔جب پنجاب کے وزیرِ تعلیم سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’اب تک ہم جو بڑے نیٹ ورک توڑنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ان کی تعداد سات ہے، تاہم میں ان کے نام ابھی براہ راست نہیں لوں گا۔ رانا سکندر حیات کے مطابق ’یہی تین بڑے گروپ ہم نے پکڑے ہیں جو اِن نجی تعلیمی اداروں اور بورڈز کے درمیان ٹھیکے کا کام کرتے ہیں۔ زمینی انتظامات سارے ان کے پاس ہیں۔ ان سب کی شناخت کر کے رپورٹ وزیراعلٰی اور چیف سیکریٹری سمیت ہر جگہ بھجوا دی گئی ہے۔’ہم نے اتنے بڑے مافیا کے فریم ورک کو توڑ کے رکھ دیا ہے۔ اب تک 65 افراد گرفتار ہو چکے ہیں اور اتنے ہی مفرور ہیں۔ہم یہ کر سکتے ہیں کہ ہم ان کو اس طرح کا کام نہیں کرنے دیں گے، میں عدالتوں کو بھی لکھوں گا کہ ان افراد کی ضمانتیں نہ لیں، یہ قوم کے مستقبل کا سوال ہے۔

Back to top button