پنکی پیرنی اورعمران کے عسکری قیادت پر سنگین الزامات؟

تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے بعد ان کی اہلیہ بشری بی بی المعروف پنکی پیرنی نے بھی عسکری قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ بشری بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ سب جیل قرار دی گئی بنی گالہ کی رہائش گاہ میں انھیں سلو پوائزننگ کے ذریعےنقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انھیں کچھ ہوا تو ذمہ دار آرمی چیف جنرل عاصم منیر ہونگے۔ تاہم حکومتی ذمہ داران اور جیل حکام نے عمران خان اور بشری بی بی کے الزامات کو لغو اور بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے اور دونوں قیدیوں کو من پسند ڈاکٹر سے چیک اپ کرانے کی پیشکش کر دی ہے۔

خیال رہے کہ منگل کے روز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ دورانِ قید ان کے کھانے میں ’باتھ روم صاف کرنے کے لیے استعمال ہونے والا محلول‘ ہارپک ملایا جا رہا ہے۔ جس سے ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔بعد ازاں عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کو جیل میں زہر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ان کی اہلیہ کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ دار عسکری قیادت ہو گی۔دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بشری بی بی واحد قیدی ہیں جو اپنے ہی بیڈ روم میں قید ہیں، پھر بھی من گھڑت کہانیاں بنارہی ہیں۔بشریٰ بی بی ’جہاں سے چاہیں اپنا معائنہ کروا لیں۔‘عمران خان کے بیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بیوی کہہ رہی ہارپک کے قطرے کھانے میں ملائے جا رہے ہیں شوہر کہہ رہا ہے زہر دیا گیا۔ پہلے دونوں میاں بیوی فیصلہ کر لیں اصل موقف کیا دینا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی تین مقدمات میں سزا یافتہ مجرم ہیں پھر بھی ان کو بکرے اور دیسی مرغیاں کھانے کو مل رہی ہیں۔ دونوں میاں بیوی جیل میں نہیں پھپواور خالہ کے گھر میں آئے ہیں۔

خیال رہے کہ جیل قوانین کے مطابق زہریلے مواد اور کیمیکلز، چاہے وہ سیال اور ٹھوس حالت میں ہوں، ممنوع اشیا کی فہرست میں شامل ہیں۔سابق خاتونِ اول کا مزید کہنا تھا کہ انھیں تحقیق سے پتا چلا کہ ان کو دئیے جانے والے اس محلول کے استعمال سے ایک ماہ بعد طبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے اور وہ کئی دنوں سے سینے اور معدے میں تکلیف محسوس کر رہی ہیں۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے کھانے میں ہارپک ملائے جانے کی اطلاع انھیں جیل میں بھی کسی نے دی تھی لیکن وہ اس شخص کا نام نہیں بتائیں گی۔ادھر عمران خان نے اپنی اہلیہ کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کے سامنے دعویٰ کیا کہ انٹیلیجنس ادارے آئی ایس آئی کے لوگ بنی گالہ سے اڈیالہ جیل تک ’سب چیزوں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔‘ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ان کی اہلیہ کا معائنہ شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر سے کروایا جائے۔ احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ وہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے سے متعلق تفصیلی درخواست عدالت میں جمع کروا دیں۔

خیال رہے کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے یہ الزام پہلی بار منظرِ عام پر نہیں آیا۔ اس سے قبل بھی وہ دعویٰ کر چکی ہیں کہ انھیں ’شہد میں کچھ مِلا کر کھلایا جا رہا ہے۔‘ تاہم حکام نے بشری بی بی کے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔دوسری جانب اس حوالے سے پاکستان تحریکِ انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بشریٰ بی بی کو ہدف بنانے کا واحد مقصد عمران خان کو توڑنا اور انھیں جھکنے پر مجبور کرنا ہے۔‘ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’کھانے میں زہریلے مواد کے باعث بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات نہایت تشویش کا باعث ہیں۔ بشریٰ بی بی کو فوراً رہا کیا جائے اور انھیں شوکت خانم ہسپتال میں موجود ان کے قابلِ بھروسہ ڈاکٹرز سے فوری طبی معائنے کا بنیادی حق دیا جائے۔

عمران خان کی جانب سے بشریٰ بی بی کا علاج اور معائنہ شوکت خانم سے کروانے کے مطالبے پر پنجاب کی وزیرِ اطلاعات اعظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ’وہ جہاں سے چاہیں اپنا معائنہ کروائیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔‘پنجاب کی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق بشریٰ بی بی کو ’تیزابیت‘ کی شکایت تھی جس پر ان کا ڈاکٹر سے معائنہ بھی کروایا گیا تھا۔خیال رہے کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کے گھر بنی گالہ کی سکیورٹی اڈیالہ جیل کے اہلکاروں کے پاس ہے جو کہ پنجاب حکومت کے زیرِ سایہ کام کرتے ہیں۔بشریٰ بی بی کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے اڈیالہ جیل کے ایک اہلکار کا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ ’بشریٰ بی بی سابق خاتونِ اول ہیں او انھیں کھانا بھی ان کی مرضی کے مطابق دیا جاتا ہے۔‘انھوں نے مزید کہا کہ ’ابھی تک ہمیں بشریٰ بی بی کی جانب سے کوئی تحریری درخواست نہیں دی گئی ہے۔ اس سے قبل انھوں نے زبانی طبعیت کی خرابی کی شکایت کی تھی جس کے بعد ان کے تمام ٹیسٹ کروائے گئے جو کہ درست آئے تھے۔

جیل اہلکار کے مطابق سب جیل پر بھی سینٹرل جیل والے ہی تمام قوانین لاگو ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی قیدی کی طبیعت ناساز ہونے کی صورت میں جیل میں تعینات ڈاکٹروں سے ہی ان کا معائنہ کروایا جاتا ہے اور اگر زیادہ ایمرجنسی کی صورتحال ہو تو جیل ڈاکٹر کے مشورے پر مریض کو جیل سے باہر کسی ہسپتال میں منتقل کیا جاتا ہے جبکہ جیل یا سب جیل میں کسی بھی قیدی کو یا عملے کو ایسی کوئی اشیا رکھنے کی اجازت نہیں ہوتی جس سے کسی قیدی کو کوئی خطرہ پہنچنے کا اندیشہ ہو۔

واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کو عمران خان کے ساتھ توشہ خانہ اور عدت سے پہلے نکاح کے کیس میں قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ تاہم پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سنائی گئی 14 برس کی قید کی سزا کو معطل کر دیا تھا۔سابق خاتون اول القادر ٹرسٹ کیس میں بھی شریک ملزمہ ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے ساتھ معاہدے کے بدلے اربوں روپے کی اراضی سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نام منتقل کی گئی۔

Back to top button