چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے تندور گرم دیکھ کر نان کیوں لگائے؟

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد ابرہیم خان کا پاکستان بھر کی ہائی کورٹس کے ججز کی سنیارٹی میں 36 واں نمبر ہے۔ مگر انہوں نے اپنے ساتھ امتیازی سلوک کا رونا روتے ھوئے ایک خط چیف جسٹس پاکستان کو لکھ مارا ہے یعنی کوشش یہ کی ھے کہ گرم تندور دیکھ کر اپنے بھی دو نان لگا لئے جائیں بالکل اسی طرح جیسے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ مارا تھا۔
نیوز ویب سائٹ ہم سب کی ایک تحریر میں کہا گیا ھے کہ 6 ججز اور انکے ہمنوا 300 وکلاء کے خطوط کا معاملہ اب سب کے سامنے ہے کہ وہ دو خطوط کیوں اور کس مقصد سے لکھے گئے اور اب ان کا جواب لینے کے لئے ان ججز اور ان کے ہمنوا وکلاء کو یقیناً بہت سے سوالوں کے جوابات دینے ہوں گے لیکن پاکستان کی تاریخ کے تناظر میں دیکھیں تو فی الحال ایسا نظر آ رہا ہے کہ ان شنوائیوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ اسی دوران میں پشاور ہائیکورٹ کے ایک جج نے جب دیکھا کے اس کے سپریم کورٹ جانے کے تمام راستے بند ہو چکے ہیں تو اس نے 51 سیکنڈ میں 51 ضمانتیں دے کر پاکستان میں ایک ایسا ورلڈ ریکارڈ بنا دیا جو کے آنے والے کسی بھی جج کے لئے ایک بینچ مارک ہو گا اور پاکستانی عدلیہ کی تاریخ میں سونے کے پانی سے لکھے اور سجاوٹ کے لئے 5 قراط کے ہیروں کی ضرورت پڑے گی۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا خط سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھا جانا تھا چیف جسٹس کو نہیں کیونکہ ججز تعیناتی سپریم جوڈیشل کمیشن کرتا ہے اور چیف جسٹس دیگر ممبران کی طرح اس کا صرف ایک ممبر ہے۔ خط میں جج صاحب نے سپریم کورٹ میں تعیناتیوں پر کے پی کے کو نظر انداز کرنے اور خود یعنی چیف جسٹس ابراہیم کو سپریم کورٹ میں تعینات نہ کرنے کو اس طرح پیش کیا ہے جیسے ان کے ساتھ بہت زیادتی ہو گئی ہے۔لیکن پشاور ہائیکورٹ کے موجودہ چیف جسٹس یہ بھول گئے کے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس صاحبان کے دور میں عدالت عظمیٰ میں سالہا سال سے خالی آسامیوں کو پُر نہ کرنے پر مسلسل بات ہوئی لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نا رینگی کیونکہ سابق چیف جسٹس صاحبان سپریم کورٹ میں توازن اپنے حق میں چاہتے تھے اسی لیے ساتویں نمبر سے خاتون کارڈ کھیل کر جج تعینات کی گئیں، پھر آرمی چیف سے سفارش کروا کر مزید دو جونیئر فیض یافتہ ججز کو سپریم کورٹ لایا گیا ورنہ سالہا سال آسامیاں خالی رہیں مگر ان ججز کو پی ٹی آئی چونکہ اپنا ہمدرد سمجھتی تھی اس لیے انہوں نے کبھی اس طریقہ کار پر اعتراض نہ کیا اور نہ کوئی ایسا مطالبہ کیا کہ ججز کی خالی آسامیوں کو الجہاد ٹرسٹ کیس میں درج مقررہ مدت میں پُر کیا جائے۔
الجہاد ٹرسٹ کیس میں یہ طے کر دیا گیا تھا کہ کسی جج کے ریٹائر ہونے کی صورت میں تیس دن اور مستعفی، برطرف یا انتقال کر جانے کی صورت میں نوے دن کے اندر اس خالی ہونے والی جگہ پر نئے جج کی تعیناتی کر دی جائے گی۔اس وقت سپریم کورٹ میں جو تین آسامیاں خالی ہیں ان میں جنوری میں دو ججز مظاہر نقوی اور اعجاز الاحسن کے استعفٰی دینے اور ایک آسامی مارچ میں جسٹس سردار طارق کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہوئی ہیں اور دونوں صورتوں میں ابھی الجہاد ٹرسٹ کیس کے مطابق ڈیڈ لائن بھی ابھی ختم نہیں ہوئی اور پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی طرف سے شکوہ بھی سامنے آ گیا۔
دوسری بہت اہم حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ابراہیم خان دور دور تک سنیارٹی لسٹ میں کہیں موجود ہی نہیں اور موصولہ اطلاعات کے مطابق ان کا پاکستان بھر کی ہائی کورٹس کے ججز میں سنیارٹی نمبر 36 واں ہے۔مگر اس کے باوجود انہیں بہت گلہ ہے اور انہوں نے اسے کے پی کے سے کوئی امتیازی سلوک بنا کے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔اب یہ فیصلہ آپ خود کر سکتے ہیں کہ یہ خط کسی ٹرینڈ کو بڑھاوا دینے کے لیے لکھا گیا ہے یا کسی امتیازی سلوک یا نظرانداز کرنے کی وجہ سے۔
