کیا پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ وردی یے اور وہ بھی مریم نواز کی؟

سینیئر صحافی اور تجزیہ کار حماد غزنوی نے کہا ہے کہ محمد علی جناح کا پاکستان مسائل کا گڑھ بن چکا ہے جس کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہے ہیں، لیکن حکومت سے مل کر ان مسائل کے خاتمے کا پلان بنانے کی بجائے اپوزیشن مریم نواز کی وردی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بنانے مصروف ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا اسوقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ وردی ہے اور وہ بھی مریم نواز کی؟

روزنامہ جنگ کے لیے اپنے تازہ تجزیے میں حماد غزنوی کہتے ہیں کہ پنجاب پولیس کی وردی میں چیف منسٹر مریم نواز کی تصویریں سامنے آئیں تو اپوزیشن نے اصرار کیا کہ آج یہ پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔ لہٰذا پی ٹی آئی کے دوستوں نے قومی اسمبلی سے سوشل میڈیا تک خوب رنگ جمایا، یاد رہے کہ ہماری سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولیس کی وردی کا اتنا تذکرہ کیا گیا ہے، ورنہ ہم نے تو عمر بھر ’’اِس کے پیچھے وردی ہے‘‘ اور’’ اُس کے پیچھے وردی ہے‘‘ جیسے نعرے ہی سُن رکھے تھے۔نان ایشوز کو ایشو بنانے کی کئی وجوہات ہوا کرتی ہیں، ایک تو کسی ’اصل‘ خبر سے توجہ ہٹانے کے لیے، یا اگر کوئی خبر نہ ہو تو خبر بنانے کے لیے، یاذہنی اِفلاس یا خالص نفرت۔

حماد کہتےنہیں کہ ویسے جب قومی اسمبلی میں جنرل ایوب خان کے پسرزادے عمر ایوب صاحب مریم کے ایک دن علامتی طور پر پولیس وردی پہننے کو قوم سے مذاق قرار دے رہے تھے تو انہیں دیکھ کر ہم پر عجیب گنگا جمنی کیفیت طاری ہو رہی تھی، پوری قوم سے دس سال وردی پہن کر انتہائی فحش مذاق کرنے والے کی تیسری نسل کو بالاخر جمہوریت کے ثمرات یاد آ ہی گئے۔ یعنی حد ہو گئی۔ ایسا بھی نہیں ہے کہ عمر ایوب اپنے بزرگوں کی حرکات پر کسی تاسف کا اظہار کر کے ’پاک‘ ہو چکے ہوں۔خیر، وہ اس انجمن میں تنہا نہیں ہیں، ابھی کچھ عرصہ پہلے تک پی ٹی آئی کے جلسوں میں ایوب خان کے سنہرے دور پر ڈاکومنٹریاں چلائی جاتی تھیں۔اور وردی سے عقیدت کا یہ سفر آج بھی ناتمام ہے۔ ’صرف وردی سے بات کریں گے‘ جیسے فلک شگاف نعرے آج بھی پارٹی کی صفوں سے بلند ہوتے رہتے ہیں۔

حماد غزنوی کہتے ہیں کہ ہمیں یہ ادراک ہے کہ برہنگی اس سیاسی حمام کا چلن ہے، مگر ڈھٹائی کا یہ درجہ ’قسمت‘ والوں کو نصیب ہوتا ہے، ورنہ عموماً دیکھا یہ گیا ہے کہ جمہوریت کے رنگین لبادے پہنے ہوئے سیاست دان چُھپ چُھپا کر، تخلیے میں، سرگوشیوں میں سودا بازی کیا کرتے ہیں، یعنی بہ قول شاعر ’’کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے۔‘‘ اس ملک کے ان گنت مسائل چاروں طرف سے ہمیں گھیرے ہوئے ہیں، اور ہمارے دوست وردی پر بات کر رہے ہیں، وہ بھی پولیس کی۔ ہم تو جاننا چاہتے ہیں کہ جب ہمارے گوداموں میں لگ بھگ چھیالیس لاکھ ٹن گندم موجود تھی تو یوکرین سے اکتیس لاکھ ٹن گندم نگران دور میں امپورٹ کرنے کی اجازت کیوں دی گئی؟اور یہ گندم اکتیس سو روپے من میں خرید کر پینتالیس سو روپے من بیچ کر پچاسی ارب روپے کا منافع کس کی جیب میں گیا؟ گندم کی رسد طلب سے زیادہ ہو گئی ہے، قیمتیں گر رہی ہیں، حکومت گندم خریدنے میں گرم جوش نہیں ہے، کسان پریشان ہے، گندم کھلی پڑی ہے، بارشیں ہو رہی ہیں، اور اس سلوک کے بعد کیا اگلے سال کسان گندم کاشت کرے گا۔ حماد غزنوی کہتے ہیں کہ یہ اور اس طرح کے درجنوں حقیقی مسائل ہمیں گھور رہے ہیں اور ہمارے دوست واویلا کر رہے ہیں کہ مریم نے وردی کیوں پہنی؟ اہم ترین سوال یہ ہے کہ کیا اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ وردی ہے اور وہ بھی مریم نواز کی؟

Back to top button