کیا PTIکا سینیٹ میں سب سے بڑی جماعت بننے والی ہے؟

دو اپریل کو ہونے والے ایوان بالا کے انتخابات میں جہاں قیافوں اور جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے وہیں حکمراں اتحادی جماعتوں نےایوان بالا میں بھی اکثریت حاصل کرنے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کر دئیے ہیں کیونکہ قومی اسمبلی میں قانون سازی کے عمل کے وسیع تر مقاصد اور ثمرات اسی صورت میں حاصل ہونگے جب ایوان بالا میں ان کی منظوری حاصل ہوگی اور اس کیلئے حکمران جماعت کو ایوان بالا میں نمائندگی رکھنے والی جماعتوں جمعیت علمائے اسلام سمیت انفرادی ارکان کا تعاون بھی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ دوسری جانب ایوان بالا میں تحریک انصاف کے اس وقت 18ارکان موجود ہیں اور اگر پی ٹی آئی کے خیبرپختونخوا سے 10ارکان بھی کامیاب ہوجاتے ہیں تو سینیٹ میں تعداد کے پیش نظر تحریک انصاف ایوان کی سنگل لارجر پارٹی ہوگی
خیال رہے کہ سینیٹ کی 48 خالی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں 18 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ 30 نشستوں کے لیے دو اپریل کو 59 اُمیدوار مدِمقابل ہوں گے۔مبصرین کے مطابق دو اپریل کو سینیٹ کے انتخابات کے بعد سینیٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف کے سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آنے کا واضح امکان ہے جبکہ انتخابات کے بعد فاٹا کی نشستیں ختم ہونے، مسلم لیگ (فنکشنل) جماعتِ اسلامی، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کی سینیٹ میں نمائندگی ختم ہونے کے بھی امکانات ہیں۔
مبصرین کے مطابق قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے حکمراں اتحاد کو زیادہ نشستیں حاصل کرنا ہوں گی یا جمعیت علمائے اسلام (ف) کو ساتھ ملانا ہو گا کیونکہ سینیٹ کے 48 ارکان کی ریٹائرمنٹ کے بعد اب پاکستان تحریکِ انصاف کے 18، مسلم لیگ (ن) کے چھ، پیپلزپارٹی کے نو، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے تین، عوامی نیشنل پارٹی کے دو، بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے چار، ایم کیو ایم کے دو اور مسلم لیگ (ق) کا ایک سینیٹر موجود ہے۔
اب تک 18 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں جن میں بلوچستان کے 11 سینیٹرز بھی شامل ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں بلامقابلہ کامیاب ہونے والے اراکین میں پنجاب کے سات اراکین بھی شامل ہیں۔ صوبہ پنجاب کی کل 12 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں جن میں سے سات جنرل نشستیں ہیں اور ان تمام ساتوں نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔سینیٹ میں صوبہ پنجاب کی خواتین کی دو نشستوں پر چار امیدوار میدان میں ہیں۔ اسی طرح ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں پر تین امیدوار اور اقلیت کی ایک نشست پر دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔اگر حکمران اتحاد پنجاب میں متحد رہے اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت سینیٹ انتخابات میں اپنے اراکین پنجاب اسمبلی سے ووٹ کرانے میں کامیاب ہو جائے تو خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی دو، دو نشستوں کے ساتھ اقلیت کی بھی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔
صوبہ سندھ میں سات جنرل نشستوں کے علاوہ خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی دو، دو اور اقلیت کی ایک نشست پر انتخابات ہوں گے۔اگر آزاد امیدوار فیصل واوڈا کو پیپلز پارٹی کے اراکین نے بھی ووٹ دیا تو اس صورت میں پیپلز پارٹی کو سندھ کی سات جنرل نشستوں میں سے پانچ مل سکتی ہیں اور ایم کیو ایم کو ایک سیٹ ملے گی۔اگر فیصل واوڈا آزاد امیدوار کے طور پر کامیاب نہ ہوئے تو پیپلز پارٹی کو پانچ کی جگہ چھ جنرل نشستیں مل سکتی ہیں۔اسی طرح سندھ میں خواتین، ٹیکنوکریٹس کی دو، دو نشستوں اور اقلیت کی ایک نشست پر بھی پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے کامیاب ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹ انتخابات میں دلچسپ مقابلہ صوبہ خیبرپختونخوا کی 11 نشستوں پر ہونے کا امکان ہے۔ کے پی کے اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب قرار پانے والے اراکین اب تک حلف نہیں اٹھا سکے ہیں۔الیکشن کمیشن اپنے فیصلے میں واضح کر چکا ہے کہ اگر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نو منتخب اراکین سے حلف نہیں لیتے تو الیکشن کمیشن صوبے میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہوگا۔چناںچہ اگر خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی ہوئے تو دو اپریل کے الیکشن کے بعد عید سے قبل ہی نو منتخب سینیٹرز کے حلف کے ساتھ سینیٹ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے عہدوں پر انتخابات ہونے کا بھی امکان ہے۔اس طرح خیبرپختونخوا کے اراکین چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔اگر پارٹی پوزیشن کے حساب سے دیکھیں تو خیبرپختونخوا میں کی کل 11 نشستوں میں سے چھ یا سات پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اور اگر وفاق میں حکمران اتحاد کے ساتھ جے یو آئی کے درمیان سینیٹ انتخابات میں قائم ہونے والا اتحاد قائم نہیں رہا تو مزید ایک یا دو نشستوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی کامیابی کا امکان ہے۔
اگر خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ صرف سات اراکین بھی کامیاب ہوئے تو سینیٹ میں پی ٹی آئی اور ان کے حمایت یافتہ اراکین کی تعداد 27 تک پہنچ سکتی ہے۔ کیوںکہ اس وقت پی ٹی آئی کے 18 اراکین سینیٹ میں موجود ہیں۔اس طرح سینیٹ انتخابات کے بعد ایوانِ بالا میں پی ٹی آئی کے سنگل لارجر پارٹی بننے کے واضع امکانات موجود ہیں۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سینیٹرز پیپلز پارٹی کے ہو سکتے ہیں جن کی تعداد 24 سے 25 تک پہنچ سکتی ہے۔ اس وقت پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں نو اراکین ہیں۔
حکمران اتحاد کو قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت مل چکی ہے مگر آئین میں ترامیم کرنے اور بڑے فیصلوں کے لیے اسے سینیٹ میں بھی دو تہائی اکثریت چاہیے۔دو اپریل کے انتخابات کے بعد سینیٹ میں کل اراکین کی تعداد کم ہو کر 96 ہو جائے گی جس کے مطابق سینیٹ میں دو تہائی اکثریت کے لیے 64 اراکین درکار ہوں گے۔ مگر اس وقت حکومت مخالف اتحاد میں پی ٹی آئی کے 27، جے یو آئی کے چھ، بی این پی مینگل اور نیشنل پارٹی کے ایک، ایک سینیٹر شامل کیے جائیں تو ان کی مجموعی تعداد 35 بنتی ہے۔چناںچہ اگر حکمران اتحاد سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا سے زیادہ نشستیں لے پایا تو اس کے لیے آسانی ہے، ورنہ اسے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت کے لیے جے یو آئی کو ساتھ ملانا ہو گا۔
