پشاور میں سکول کی چھت گرنے سے خاتون ٹیچر اور 21 بچے جاں بحق

 

 

 

 

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے سے خاتون ٹیچر اور 21 بچے جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق سکول کی چھت گرنے کا واقعہ دیر کالونی میں کالج روڈ پر پیش آیا،واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

ترجمان محمد عاصم کا کہنا ہےکہ دیر کالونی واقعے کے 21 بچوں کو مردہ حالت میں ایل آر ایچ لایا گیا ہے،ہسپتال میں ایمرجنسی نافز کردی گئی ہے جب کہ اس وقت انتظامیہ خود بھی ٹراما حال میں موجود ہے،زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہےجس میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

محمد عاصم کےمطابق تمام بچوں کی عمریں 13 سال تک ہیں،ایک خاتون ٹیچر کو بھی مردہ حالت میں لایاگیا ہے۔

ریسکیو حکام کاکہنا ہےکہ سکول کی عمارت کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے اور مزید بچوں اور عملے کی تلاش کےلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب واقعے پر مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ معصوم بچوں کے زخمی ہونےکی خبر پر انہیں دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے،اس مشکل گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،انہوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہتےہوئے کہاکہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنے کےلیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مشیر اطلاعات نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتےہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام زخمی بچوں کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو صبر و حوصلہ دے۔

 

Back to top button