سعودیہ پر حملوں میں اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے: عراقی وزیراعظم

عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے سعودی عرب کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سعودیہ پر حملوں میں اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورت حال اور تنازعات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
عراقی وزیراعظم نے ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی مذمت بھی کی۔
عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا عراق اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصی سٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں،دونوں ممالک کے سیاسی،اقتصادی اور سلامتی کے مفادات مشترکہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عراق کی سلامتی اور سعودی عرب کا استحکام پورے خلیجی خطے کے امن سے وابستہ ہے۔
سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے، 3 کروز میزائل اور 2 ڈرونز تباہ
وزیراعظم علی الزیدی کا کہنا تھاکہ بغداد ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنےاور سعودی عرب سمیت تمام ممالک کی خود مختاری کے احترام کےلیے پُرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان نےبھی مختلف شعبوں،بالخصوص سکیورٹی تعاون اور رابطہ کاری میں عراق کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کےلیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے میں استحکام کےلیے عراقی حکومت کی مذاکرات کی کوششوں کی حمایت کی۔
یاد رہے عراقی وزیراعظم علی الزیدی کا عہدہ سنبھالنے کےبعد سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
