15ارب کابوجھ ریفائنریزپرڈال کروزیراعظم نےپٹرول مہنگاہونےسےبچالیا،علی پرویز

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافہ ہونا تھا مگر وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے15ارب کا بوجھ ریفائنریز پر ڈالا گیا۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستانی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوئے، خطے کی صورتحال کے پیش نظر نقل و حمل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے فیول سبسڈی سکیم کا اجرا کیا، کروڑوں افراد فیول سبسڈی سکیم  سے مستفید ہورہے ہیں، عالمی منڈیوں میں قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، انشورنس اور لاجسٹکس کے خرچے بڑھ رہے ہیں،  خطے میں کشیدہ صورتحال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے تعاون کی درخواست کی ہے، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لٹر سستا پٹرول فراہم کرنے کے قابل ہوں گے، ریفائنریز کی مدد سے پٹرول کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا، آج بھی پٹرول کی قیمتوں میں کچھ نہ کچھ ریلیف ملے گا، ریفائنریز نے 3 مہینے کے اندر اتنا منافع کمایا جو برسوں میں نہیں کمایا، جمعہ کے روز پٹرول کی قیمتوں میں 15 روپے کا اضافہ ہونا تھا، مگر ریفائنریز نے اس حوالے سے تعاون کیا، حکومت کیساتھ مل کر 15 ارب کا لوڈ ان ریفائنریز نے اٹھایا ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ 13 ملین سے زائد صارف حکومتی ریلیف سے پٹرولیم مصنوعات سے مستفید ہورہے ہیں، کسی کے ساتھ حکومت کوئی زیادتی نہیں کرنا چاہتی، شفاف طریقے سے بین الاقوامی بحران سے نکلنا چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا پہلے دن سے وژن تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ عوام پر ڈالا جائے، دنیا بھر کی طرح خطے کی صورتحال سے پاکستانی معیشت بھی متاثر ہوئی، باب المندب اور آبنائے ہرمز میں صورتحال کا ہر ملک کی معیشت پر اثر پڑا ہے، پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوئے لیکن ہمارے میکرو اکنامک انڈیکیٹرز بہتر رہے، جمعہ کو پٹرول کی قیمت 15 روپے بڑھنی تھی، وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بوجھ ریفائنریز پر ڈالا گیا، کم سے کم بوجھ عوام پر منتقل کرنا وزیراعظم کا مشن ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف جیسا نظام وضع کرنا ممکن نہیں تھا، وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے تحت 15 ملین سے زائد رجسٹریشن ہو چکی ہیں، اتنی بڑی تعداد میں افراد کا رجسٹرڈ ہونا اور انہیں سستے تیل کی فراہمی کسی اسکیم کی کامیابی کا بڑا ثبوت ہے، اب تک سکیم کے تحت 27 ارب روپے ریلیف کی مد میں دیے جا چکے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے فیول ریلیف سکیم جاری رہے گی، موٹر سائیکل، چنگ چی اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ریلیف سکیم شروع کی گئی، فیول سبسڈی سکیم کے لیے متعلقہ محکموں نے مل کر اقدامات کیے، حکمت عملی کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ روکا گیا۔

 

Back to top button