پی ٹی آئی کاسہیل آفریدی سمیت ارکان اسمبلی کی رہائی کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت تمام اراکین اسمبلی اور کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، مہنگائی اور امن و امان پر تفصیلی غور کیا۔

سیاسی کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر پارلیمنٹیرینز کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اُن سمیت دیگر تمام افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

سیاسی کمیٹی نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو حراست میں رکھنا جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق اطلاعات پر سیاسی کمیٹی کا اظہارِ تشویش کیا۔

تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کے اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیے بغیر اسپتال منتقلی کے اقدامات کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا جبکہ بانی چیئرمین کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔

سیاسی کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین کی صحت سے متعلق اہلِ خانہ کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے جبکہ اہلِ خانہ کو ان سے ملاقات اور عیادت کی سہولت فراہم کی جائے، بشریٰ بی بی کے لیے مناسب طبی سہولیات اور اہلِ خانہ سے ملاقات یقینی بنائی جائے۔

 

کمیٹی نے بانی چیئرمین کی بہنوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام کی رہائی اور بانی سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔ کمیٹی نے کہا کہ خاندان کو اپنے عزیز کی خیریت دریافت کرنے اور ملاقات کے بنیادی حق سے محروم رکھنا ناقابلِ قبول ہے۔

پی ٹی آئی کی کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی عادل بازی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں پر سیاسی کمیٹی کے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایم پی او کے تحت گرفتار تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر کسی کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، عدالتی احکامات کے تحت رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاریاں قانون کی حکمرانی پر سنگین سوالات اٹھاتی ہیں۔

سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، شیر علی ارباب اور شاہ احد کے گھروں پر چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی مذمت کی گئی جبکہ کہا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین کے گھروں اور خاندانوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت عمل ہے،  پارٹی کارکنان کے گھروں پر چھاپوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور ہراساں کرنے کے واقعات فوری بند کیے جائیں۔

Back to top button