ہم کسی سیاسی مقصد کےلیے نہیں آئے : گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ہم کسی سیاسی مقصد کےلیے نہیں بلکہ علاقے کےلیے کام کریں گے،کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائےگا۔
پشاور میں میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے جو مطالبات کیے،انہوں نے منظوری دی،پہلی دفعہ اتنی بڑی میٹنگ میں وزیر اعظم،فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی،وزیراعظم نے ہمیں مزید فنڈز دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ غلطی کی گنجائش بالکل نہیں،یہ ہمارے پاس آخری چانس ہے،اختیارات ایک شخص کے پاس نہیں ہوں گے،ہم اپنی ٹیم کو اختیار دیں گے،ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات دےدیے ہیں۔
دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی : فیلڈ مارشل عاصم منیر
انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی سیاسی مقصد کےلیے نہیں،علاقے کےلیے کام کریں گے،کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائےگا ہم بدلتے،نکھرتے اور مضبوط خیبرپختونخوا کی طرف جارہے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ پر کوئی سفارش نہیں چلےگی،پانی کا مقدمہ یا کچھ اور ہو،لڑیں گے،یہ نہیں کہتاکہ پورا ملےگا،جتنے بھی فنڈز وفاق سے ملیں گے، صوبے کی ترقی کےلیے خرچ ہوں گے،جب تک سزا و جزا کا نظام نہیں ہوگا،چیزیں ٹھیک نہیں ہوسکتیں۔
فیصل کریم کنڈی نےکہا کہ گھر بیٹھ کر تنخواہ لینےوالے اب اپنا بندوبست کریں، انہیں اب کام کرنا ہوگا،پولیس،فیڈرل کانسٹیبلری اور سی ٹی ڈی کو جو تعاون چاہیے،ہم فراہم کریں گے۔
