اینکر پرسن اقرار الحسن کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

 

 

 

کراچی کی عدالت نے این سی سی آئی اے (نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی) کی جانب سے درج مقدمےمیں اینکر پرسن اور پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

عدالت نے 2 لاکھ روپے کےضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی رہائی کا حکم دیاہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ گلریز میمن نے آج سٹی کورٹ میں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کےبعد فیصلہ سنایا۔سماعت کے دوران اقرار الحسن کے وکیل احمد مسعود نے عدالت کو بتایاکہ مقدمے کا چالان پہلے ہی جمع کرایا جاچکا ہے جب کہ اقرار الحسن کے موبائل فون بھی تحویل میں لےلیے گئے ہیں۔

این سی سی آئی اے نے عدالت کو آگاہ کیاکہ اقرار الحسن سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں،تاہم ان کی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔اس پر عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرتےہوئے مطلوبہ ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر رہائی کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ اقرار الحسن کو 12 اکتوبر کو لاہور کے علاقے ڈیفنس (ڈی ایچ اے) سے حراست میں لیاگیا تھا۔ جس کےبعد جوڈیشل مجسٹریٹ (ایسٹ) کراچی نے انہیں چار روز کےلیے این سی سی آئی اے کی تحویل میں دےدیا تھا۔

این سی سی آئی اے نے ان پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے مبینہ طور پر ریاست مخالف،جھوٹا اور ہتک آمیز مواد شائع کرنےکا الزام عائد کیا تھا۔ان کےخلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کی دفعات 9، 10، 24 اور 26 اے کے تحت مقدمہ درج کیاگیا تھا۔

 

Back to top button