خیبرپختونخوا: انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

 

 

 

خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان نے مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

پولیس کاکہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جسے فوری طبی امداد کےلیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کےمطابق ملزمان کی گرفتاری کےلیے علاقے کی ناکابندی کردی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمند میں انسداد پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کرتےہوئے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

پولیس سے جھگڑے کا کیس: ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی ضمانت منظور

وزیر داخلہ نے کہاکہ پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار ہمارے صحت مند مستقبل کےلیے کوشاں ہیں۔پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ فائرنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مہمند میں پولیو مہم کے دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے پر اظہار افسوس کرتےہوئے کہا ہےکہ پولیس ٹیم کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔شہداء نے فرض کی ادائی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،ملک و قوم کےلیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران ورکرز اور سکیورٹی اہلکاروں کا تحفظ یقینی بنانے کےلیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

Back to top button