نیب اور ایف آئی اے نے فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کو طلب کرلیا

مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے لیے پاکستان پوسٹ میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کا معاملہ مشکلات کا باعث بن گیا،نیب اور ایف آئی اے نے بھرتیوں میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں انہیں طلبی کے نوٹس جاری کردیا۔
نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو 10 نومبر کو صبح 11 بجے پیش ہونے ا نوٹس جاری کیا ہے۔نوٹس کےمطابق اسعد محمود کے دور وزارت 2022 تا 2023 پاکستان پوسٹ آفس میں بےضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ آفس میں 3,938 آسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی لیکن مبینہ طور پر 4,252 افراد بھرتی کیے گئے،کابینہ کمیٹی کی ہدایات کےخلاف 2,646 ختم شدہ آسامیوں پر بھرتیاں کی گئیں۔
کیا واقعی حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی ڈٖیل ہونے والی ہے؟
نیب کےنوٹس کے مطابق کنٹریکٹ بنیادوں پر ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے بھرتیوں کی سفارش کے باوجود مستقل تقرریاں کی گئیں۔نوٹس میں جعلی اور بوگس دستاویزات،زائد العمر امیدواروں کی بھرتی اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں کےبھی الزامات عائد کیےگئے ہیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بھی اسعد محمود کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ایف آئی اے نے اسعد محمود کو 2 نومبر کو صبح 11 بجے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کےلیے طلب کیاتھا۔
ایف آئی اے پاکستان پوسٹ آفس میں بھرتیوں میں سنگین بےضابطگیوں اور مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کررہا ہے۔
