صدر اور وزیراعظم کا سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر اظہار افسوس

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے مرحوم جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کےلیے دعائے مغفرت کی۔
صدرمملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل دے۔
سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبد الوحید کاکڑ انتقال کرگئے
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ (ریٹائرڈ) کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی پاک فوج کےلیے گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
